تجارت

عمران خان پاکستان کو مشکلات کے گرداب سے نکال لیں گے، صدر ایف پی سی سی آئی

کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر غضنفر بلور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک میں مثبت جمہوری روایات کو پروان چڑھانے کا عزم خوش آئند ہے، ان کے فیصلوں سے معیشت مستحکم ہوگی اور کاروباری برادری کا اعتماد بڑھے گا، ان سے وعدوں کی تکمیل میں بھرپور تعاون کریں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے یہ بات اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے چئیرمین میاں اکرام فرید کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور کریم عزیز ملک اور عاطف اکرام شیخ، چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل، اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید اور دیگر بھی موجود تھے۔

غضنفر بلور نے کہا کہ نئی حکومت کو داخلی اور خارجی سطح پر سنگین اقتصادی چیلنج درپیش ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری برادری کی مدد سے معیشت کی زبوں حالی پر قابو پالیں گے۔ غضنفر بلور نے کہا کہ قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور ملک کو فوری طور پر کم از کم بارہ ارب ڈالر کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سب سے پہلے کاروباری لاگت کم کرنے کیلئے اقدامات کریں، صنعتی شعبہ کو بجلی کی مد میں دیا جانے والے ریلیف برقرار رکھا جائے، کھربوں روپے کا نقصان کرنے والے اداروں کو فروخت کیا جائے، کاروبایر برادری کو سی پیک پر اعتماد میں لیا جائے کیونکہ رازداری سے شکوک جنم لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت خیبر پختونخوا میں صنعتی بستیوں کیلئے مختص مقامات میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی نہیں اس لئے انکا مقام بدلا جائے، چین سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کا دوسرا مرحلہ کاروبای برادری کی بھرپور مشاورت کے بغیر مکمل نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صنعتوں کیلئے پلاٹ نہیں ہیں اس لئے نئی صنعتی بستی کا قیام عمل میں لایا جائے، ٹیکس نظام بہتر کیا جائے اور کاروباری برادری کو پھنسے ہوئے ریفنڈ ادا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے قائمہ کمیٹیوں میں اسلام آباد سمیت تمام اہم شہروں کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر خزانہ حلف اٹھانے کے بعد ایف پی سی سی آئی کا دورہ کریں گے جس میں ان سے تمام مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ سادگی، صلح جوئی، احتساب، شفافیت اور آئین و قانون کی بالادستی ملک کے تمام مسائل کو حل کردے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close