Featuredتجارت

آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو 5 سے 6 ارب ڈالرملیں گے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام سے پاکستان کو 5 سے 6 ارب ڈالرملیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم دو ہفتوں کیلئے آئی ہے، مختلف ملاقاتیں ہوں گی، چین سے جلد اچھی خبر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے نرخ بڑھانے پر کہا گیا کہ کیوں کررہے ہیں، آپ بھی چپ بیٹھ جائیں، ماضی میں چادر دیکھ کر پاؤں نہیں پھیلائے گئے اس کی قیمت آج ہمیں ادا کرنی پڑ رہی ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے شرائط والا مرحلہ ابھی نہیں آیا، آئی ایم ایف کی ٹیم دو ہفتوں کیلئے آئی ہے مختلف ملاقاتیں ہوں گی۔

اگر آئی ایم ایف نے کوئی ایسی شرط رکھی جو ملک کے مفاد میں نہ ہو تو قبول نہیں کریں گے، سارے انتظامات اس لیے بھی کیے کہ اگر آئی ایم ایف سے کوئی ایسی شرط آئے تو ہمیں جھکنا نہ پڑے۔

اسد عمر نے کہا کہ چین سے جلد اچھی خبر آئے گی، چین کے صدر نے یقین دلایا ہے کہ برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی مدد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ماہ پٹرول کی قیمت 6 روپے کم کی دوسرے ماہ پٹرول کی قیمت بڑھانے کی اوگرا کی سمری مسترد کی، بجٹ میں ٹیکس ان اشیاء پر بڑھائی جو امیر طبقہ استعمال کرتا ہے، غریب عوام کیلئے گیس بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، کوشش ہے کہ بوجھ کسی پر نہ بڑھایا جائے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ 20 فیصد غریب لوگوں پر افراطِ زر کی شرح 4 فیصد ہے، افراط زر کی شرح ابھی دہرے ہندسوں میں نہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت میں تھی۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2017 سے مئی 2018 کے درمیان اسٹاک ایکسچینج میں 15 ہزار پوائنٹس کی کمی ہوئی، پیسہ جو عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ قرضوں کے سود میں چلا جاتا ہے۔

بینکوں کے ڈیٹا چرائے جانے کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق اب تک صرف ایک بینک کا ڈیٹا لیک ہوا ہے، چین سے وزیراعظم نے سائبر سیکیورٹی کے لیے بھی بات کی ہے، چین سے درخواست کی ہے کہ سائبر سیکیورٹی سے متعلق لیڈنگ ٹیکنالوجی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو 45 دن کے اندر اسٹیل مل چلا کر دکھانا ہے، ہمارا یقین ہے کہ اداروں کو پاؤں پر کھڑا کرکے دکھائیں گے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ ایلس ویلز کی زیادہ تر بات چیت معیشت اور آئی ایم ایف سے متعلق تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close