انٹرٹینمنٹ

وہ قریبی اداکار جو سلو میاں کو ہمیشہ کیلئے چھوڑ گئے

ممبئی: 2017 آدھے سے زیادہ گزر چکا ہے لیکن یہ سال بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان کیلئے بالکل بھی اچھا ثابت نہیں ہوا، رواں سال سلمان خان کے کئی قریبی افراد انہیں ہمیشہ کیلئے چھوڑ کر چلے گئے جبکہ اسی سال عید پر ریلیز ہونے والی ان کی  فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ بھی توقع کے خلاف باکس آفس پر فلاپ ہو گئی۔
گزشتہ روز سلمان خان کے بہترین دوست اندر کمار دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے، اندر نے سلمان خان نے ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا جن میں ’’وانٹیڈ‘‘ اور ’’کہیں پیار نہ ہوجائے‘‘ قابل ذکر ہیں۔ اندر کمار کا شمار سلمان خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور بالی ووڈ میں دونوں کی دوستی کے چرچے تھے۔
دو ماہ قبل بالی ووڈ کی ’’ماں‘‘ کہلائی جانے والی اداکارہ ریما لاگو بھی اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی تھیں، اداکارہ ریما متعدد فلموں میں سلمان خان کی والدہ کا کردار ادا کرچکی تھیں جن میں ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ اور’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ قابل ذکر ہیں، ریما کی موت کا سلمان خان پر بہت گہرااثر ہوا اور سلمان نے کہا تھا کہ وہ حقیقت میں ریما جی کو اپنی والدہ مانتے تھے۔
ریما کی موت سے ایک ماہ قبل 27 اپریل کو کینسر کے باعث اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھور کر اس دنیا سے ہمیشہ کیلئے رخصت ہو جانے والے معروف اداکار ونود کھنا کی موت پر سلمان خان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ونود کھنا نے فلم ’’دبنگ‘‘ اور ’’دبنگ 2‘‘ میں میرے والد کا کردار ادا کیا تھا، وہ میرے دل کے بے حد قریب تھے، میں ان کی بالکل ویسے ہی عزت کرتا تھا جیسے اپنے والد سلیم خان کی کرتا ہوں اور ان کے جانے کا مجھے بہت افسوس ہے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار اوم پوری نے سلمان خان کے ساتھ فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ اور ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں کام کیا تھا، ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ریلیز سے 6 ماہ قبل اوم پوری حرکت قلب بند ہونے کے باعث اس دنیا سے کوچ کر گئے تھے۔ ان کی موت پر سلمان خان نے فلم ٹیوب لائٹ کے ٹریلر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی کل ہی کی بات تھی اوم پوری ہمارے ساتھ تھے اور اب نہیں ہیں، میں انہیں کبھی بھلا نہیں سکوں گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close