انٹرٹینمنٹ

سیلاب زدگان کی مدد کیلئے جیل کے قیدیوں نے 53 لاکھ روپے جمع کرلیئے

واشنگٹن: جیل میں قید خطرناک قیدیوں سے کوئی خیر کی توقع نہیں کرتا لیکن حال ہی میں امریکا پر سمندری طوفان ہاروی قیامت بن کر ٹوٹا تو جیل میں قید مجرموں کے دل بھی اپنے ہم وطنوں کی پریشانی دیکھ کر تڑپ اٹھے۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کی جیلوں میں قیدیوں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران سمندری طوفان ہاروی کے متاثرین کیلئے 53 ہزار ڈالر (تقریباً 53 لاکھ پاکستانی روپے) جمع کرلئے ہیں۔ امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق ٹیکساس کی جیلوں میں تقریباً 6663 قیدیوں نے چندہ مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ یہ قیدی اپنے الیکٹرونکس اکاﺅنٹس کو استعمال کرتے ہوئے اپنے لئے کھانا، ذاتی ضروریات کی اشیاءاور کاغذ قلم وغیرہ خریدتے ہیں۔ ان اکاﺅنٹس میں قیدیوں کے عزیز و اقارب رقم ڈالتے ہیں تاکہ وہ اپنی روزمرہ استعمال کی اشیاءجیل میں قائم سٹور سے خرید سکیں، لیکن گزشتہ ماہ ریاست ٹیکساس کی تمام جیلوں میں قیدی اپنے الیکٹرانک اکاﺅنٹس کو سمندری طوفان کے متاثرین کیلئے چندہ جمع کرنے کے لئے استعمال کرتے رہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں سے ایک یا دو ڈالر چندہ دینے کی درخواست دی گئی تھی لیکن اوسطاً ہر قیدی نے 8ڈالر (تقریباً 800 پاکستانی روپے) دئیے جبکہ سب سے زیادہ چندہ 300 ڈالر (تقریباً 30ہزار پاکستانی روپے) دیا گیا۔ مہینے کے اختتام پر ریاست ٹیکساس کے جیل حکام کی جانب سے سمندری طوفان کے متاثرین کیلئے جمع کی گئی رقم کا چیک امریکی ریڈ کراس تنظیم کو پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے 2005 میں بھی سمندری طوفان کترینا کے متاثرین کیلئے ریاست ٹیکساس کے قیدیوں نے 40ہزار ڈالر (تقریباً 40 لاکھ پاکستانی روپے) سے زائد رقم جمع کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close