انٹرٹینمنٹ

عامر خان کی ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ شائقین کو متاثر نہ کرسکی

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار عامر خان اور زائرہ وسیم کی فلم’’سیکریٹ سپراسٹار‘‘ریلیز کے پہلے روز توقع کے خلاف شائقین کی زیادہ تعداد کو متاثر نہ کرسکی۔فلم’’دنگل‘‘کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی اگلی فلم’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے تھے۔عامر خان بھی اپنی فلم کو لے کر بہت پرجوش تھےاور فلم کی تشہیر کے لئے ترکی کا دورہ بھی کرچکے تھے۔گزشتہ روز لوگوں کا انتظار ختم ہوا اور عامر کی ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردی گئی۔
فلم کی ریلیز سے قبل امید کی جارہی تھی کہ عامر خان کی یہ فلم بھی ’’دنگل‘‘کی طرح کامیابی کے جھنڈے گاڑ ے گی اور تمام فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے غیر معمولی بزنس کرے گی لیکن ہوا اس کے برعکس۔ بھارتی تجزیہ نگاروں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم ریلیز کے پہلے روز 15 کروڑ کے لگ بھگ بزنس کرے گی تاہم اب کہاجارہا ہے کہ فلم 10 کروڑ کا ہندسہ بھی عبور نہیں کرسکے گی۔
فلم کی کہانی ایک مسلمان نوجوان لڑکی انسیا(زائرہ وسیم) کے گرد گھومتی ہے جو گلوکارہ بننا چاہتی ہے لیکن والد کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں اس کے خوابوں کے بیچ میں آجاتی ہیں۔ تاہم زائرہ اپنے خوابوں سے دستبردار نہیں ہوتی اور اسے یقین ہوتا ہے کہ ایک دن وہ گلوکارہ ضرور بنے گی۔ اپنےخوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے زائرہ برقع پہن کر اپنے گانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیتی ہے جس کی وجہ سے ہر جانب اس کی دھوم مچ جاتی ہے۔
فلم میں عامر خان ایک موسیقار کا کردار نبھارہے ہیں جو کافی چلبلا اور فلرٹ ہے ، عامر خان بہت عرصے بعد غیر سنجیدہ قسم کا کردار نبھارہے جو شائقین کو بے حد پسند آئے گا۔ ہدایت کار ادویت چندن کی فلم ’’سیکریٹ سپراسٹار‘‘کو عامر خان، ان کی اہلیہ کرن راؤ، آکاش چاؤلہ، سوجے اور بی شرینیواس راؤ نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ جب کہ فلم کی موسیقی امیت تریویدی نے دی ہے۔
بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نےٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘کو بھارت میں 1750 اور بیرون ملک 1090 یعنیمجموعی طور پر 2840 اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ تاہم فلم دیوالی کے دن شائقین کی زیادہ تعداد کو متاثر نہ کرسکی اور توقع کے خلاف ریلیز کے پہلے روز فلم نے کم بزنس کیا ہے جیسا کہ 2007 میں فلم ’’تارے زمین پر‘‘نے کیا تھا تاہم بعد میں فلم اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔
دوسری جانب اجے دیوگن ، ارشد وارثی، تشار کپور، تبو اور پرینیتی چوپڑا کی آج ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’’گول مال اگین‘‘کو شائقین کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’گوم مال اگین‘‘کو بھارت میں 3500 اسکرینز اور دنیا بھر میں 732 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔ بھارت میں فلم کے تقریباً تمام شوز ہاؤس فل جارہے ہیں اور لوگوں کی جانب سے بہت اچھا ردعمل محسوس ہورہا ہے۔
فلم ڈسٹری بیوٹر اکشے راٹھی نے فلم کے بزنس سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کو بالکل صحیح موقع پر ریلیز کیا گیا ہے ،روہت شیٹھی کی کاوش کو لوگوں کی جانب سے بے حد پزیرائی مل رہی ہے ، یہ فلم ایک ہفتے میں باآسانی 75 کروڑ کا بزنس کرلے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close