انٹرٹینمنٹ

عمران خان کے خلاف نامناسب ٹوئٹ پر قرۃالعین بلوچ شدید تنقید کا شکار

کراچی: نامور پاکستانی گلوکارہ قرۃالعین بلوچ کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نامناسب ٹوئٹ مہنگی پڑگئی ہے۔ اپنی سریلی آواز سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنےوالی گلوکارہ قرۃالعین بلوچ المعروف ’کیوبی‘ویسے تو تنازعات سے دور رہتی ہیں تاہم  پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کی گئی ایک ٹوئٹ نے انہیں اس وقت پاکستان کی متنازع ترین شخصیت بنادیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ڈیجیٹل ویڈیو گردش کررہی ہے جو عائشہ گلالئی کے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں ہے۔ اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے قرۃالعین بلوچ نے عمران خان کے لئے نہایت نامناسب الفاظ استعمال کئے۔ اس ٹوئٹ پر عمران خان کی جانب سے تو فی الحال کوئی ردعمل نہیں آیا ہے تاہم ٹوئٹر صارفین نے گلوکارہ پر شدید تنقید کی ہے۔ اب تک اس ٹوئٹ پر ہزاروں صارفین تبصرہ کرچکے ہیں۔

عمران خان کے حامیوں نے قرۃالعین بلوچ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیو بی نے جو الفاظ عمران خان کے لیے استعمال کیے، کیا وہ خود اپنے لیے وہی الفاظ سننا پسند کریں گی۔

ایک صارف اسامہ میر نے اپنے ٹوئٹ میں قرۃالعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں اور آپ کے کام کی بے حد عزت کرتاہوں لیکن افسوس کی بات ہے آپ کی اس حرکت سے میری نظروں میں آپ کے لیے احترام ختم ہو چکا ہے، اگر آپ کسی کو پسند نہیں کرتیں تو اس کابہترین طریقہ یہ ہے کہ اس شخص کو نظر انداز کیا جائے، شرم کی بات ہے۔  جب کہ دیگر صارفین نے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بدتمیزی کے بارے میں سب مل کر ٹوئٹر سے شکایت کریں۔

ایک اور صارف نے ٹوئٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا ’کیو بی آپ بالکل ٹھیک کہہ رہی ہیں وہ انسان جس نے اپنی نجی زندگی اور خوشیوں کو اپنے ملک کے لیے قربان کردیا، وہ انسان جو ایشیا کے بہترین کینسر اسپتال اورنمل کالج کا بانی ہے اس کے بارے میں آپ نے صحیح کہا۔

یہاں تک کہ سابق ایم کیو ایم رہنما سید علی رضا عابدی نے بھی کیو بی پر طنز کیا ’کیا آپ کا صابن سلو ہے‘۔

بعض صارفین نے قندیل بلوچ اورکیوبی کا موازنہ کرتے ہوئے اسے کیو بی کی جانب سے شہرت حاصل کرنے کاہتھکنڈہ قرار دیا۔ قندیل بلوچ دراصل عمران خان کے بارے میں ٹوئٹ کرنے سے ہی مشہور ہوئی تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close