انٹرٹینمنٹ

فلموں کی ناکامیوں کے بعد شردھا کپور کا کیرئیر خطرے میں پڑ گیا

ممبئی: فلموں میں ناکامی کے باعث نامور بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور نے اپنے معاوضے میں کمی کا اعلان کردیا۔ بھارتی اداکارہ شردھا کپور اپنی فلموں کی پے درپے ناکامی کے باعث شدید پریشان ہیں۔ ان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’حسینہ پارکر‘ اور ’ہاف گرل فرینڈ‘ توقع کے خلاف باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکیں۔ فلموں کی ناکامی نے انہیں توڑ کر رکھ دیا اور وہ کافی دن تک میڈیا کا سامنا کرنے سے بھی کتراتی رہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’حسینہ پارکر‘کی ناکامی نے شردھا کپور کو اپنے کیرئیر کے متعلق سوچنے پر مجبور کردیا ہے، وہ آج کل ایسے اسکرپٹ کی تلاش میں ہیں جو ان کے ڈوبتے کیرئیر کو سہارا دے کر انہیں پھر سے بالی ووڈ کی کامیاب اداکاراؤں کی صف میں لاکھڑا کرے اور اس کے لیے وہ اپنا معاوضہ تک کم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شردھا نہیں چاہتیں کہ ان کی اب کسی بھی فلم کا حال ’حسینہ پارکر‘ اور ’ہاف گرل فرینڈ‘ جیسا ہو اسی لیے وہ اب ایک مضبوط کہانی والی فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں، یہاں تک کہ وہ اداکارہ عالیہ بھٹ کی طرح اپنے کیرئیر کے گراف کو تیزی سے اوپر لے جانے کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ عالیہ بھٹ اپنے فلموں کے انتخاب اور کامیابی کے باعث بالی ووڈ کی مصروف ترین اداکارہ بن گئی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ شردھا اپنے معاوضے میں کمی کے بعد کیا عالیہ بھٹ کو ٹکر دے پائیں گی۔

واضح رہے کہ شردھا کپورکے پاس ان دنوں کوئی فلم نہیں ہے جب کہ عالیہ بھٹ فلم ’راضی‘ کی شوٹنگ میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close