انٹرٹینمنٹ

قتل کی دھمکیوں سے پریشان بالی ووڈ اسٹارز

ممبئی: کروڑوں لوگ شوبز ستاروں کی طرح جینا چاہتے ہیں لیکن بہت ہی کم لوگ یہ راز جانتے ہیں کہ بظاہر رنگ و نور میں رچے بسے ان کے روز وشب کی حقیقت کیا ہے اور وہ ہر روز کتنے خطرات میں گھرے رہتے ہیں۔  دور سے پرکشش لائف اسٹائل جینے والے اداکاروں کی اصل زندگی اتنی بھی پرلطف نہیں ہوتی۔

بالی ووڈ کے ستاروں کو آئے روز دھمکیاں ملتی رہتی ہیں، کبھی کوئی انڈر ورلڈ ڈان ان سے بھتہ مانگتا ہے تو کبھی کسی فلم میں ادا کئے گئے کردار پرانہیں لسانی و مذہبی گروہوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملتی ہیں، یہاں تک کہ ان کے قتل پرانعام تک کا اعلان کردیا جاتا ہے۔  ایسے ہی چند اداکاروں سے متعلق جانتے ہیں جنہیں اپنے کیرئیر اور زندگی میں کبھی نہ کبھی قتل کی دھمکیاں ملی ہیں۔

امیتابھ بچن:

2010 میں امیتابھ بچن نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ انہیں اوران کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں گزشتہ کافی عرصے سے ہراساں کیا جارہا ہے لیکن انہوں نے ان دھمکیوں کو کوئی اہمیت نہ دیتے ہوئے نظر انداز کردیا تھا۔ بعد ازاں ان کے نجی فون جس کا نمبر بہت کم لوگوں کے پاس ہے پر موصول ہونے والے دھمکی آمیزپیغامات نے انہیں پولیس میں شکایت درج کرنے پر مجبورکیا۔

عامر خان:

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو ان کے مقبول ترین شو’ستیہ میو جیتے‘کے پہلے سیزن کے نشر ہونے کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔ اس شو میں عامر خان لوگوں کو درپیش مشکلات اور حکومتی نااہلیوں سے پردہ اٹھاتے تھے۔ جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد عامر خان نے اپنی حفاظت کے لیے10 کروڑ کی بلٹ پرووف کار خریدی۔ یہ کار خریدنے کے بعد عامر خان بھارت کے ان 3 افراد میں شامل ہوگئے جن کے پاس یہ بلٹ پروف کار ہے جن میں بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اور بھارتی سرمایہ کار مکیش امبانی شامل ہیں۔ عامر خان اب بھی یہی کاراستعال کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان:

بھارتی میڈیا کے مطابق گینگسٹر چھوٹاراجن نے ماضی میں بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات کو دھمکیاں دی ہیں جن میں بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان بھی شامل ہیں۔ کنگ خان کی فلم’ہیپی نیوائیر‘کی ریلیز سے قبل فلم کے سیٹ پرانہیں ایک نوٹ موصول ہوا جس پر لکھا تھا ’ایس آرکے‘ہمارا اگلا نشانہ ہے۔ اس کے کچھ دن بعد شاہ رخ خان کو ان کے آفس میں ایک کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے انہیں دھمکاتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ پروڈیوسرعلی اور کریم مورانی کے ساتھ کام نہ کریں۔ واضح رہے کہ مورانی منی لانڈرنگ اور خاتون کے ساتھ زیادتی جیسے کیس میں ملوث ہیں۔

سلمان خان:

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے لیے ممبئی پولیس کنٹرول روم میں نامعلوم شخص کی جانب سے گزشتہ برس ایک فون کال موصول ہوئی تھی جس میں انہیں جان سے مارنے کی واضح دھمکی دی گئی تھی۔ تاہم پولیس نے اسے مداح کی شرارت قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کی۔

کنگنا رناوت:

بالی ووڈ کی کوئین اداکارہ کنگنا رناوت بھی قتل کی دھمکیاں موصول ہونے والے اسٹارز میں شامل ہیں۔ کنگنا کی بہن رنگولی رناوت پر 2007 میں ایک نامعلوم شخص کی جانب سے تیزاب سےحملہ کیا گیا تھا جس کے باعث ان کا چہرہ اور جسم کا کچھ حصہ بری طرح جھلس گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد کنگنا رناوت نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ جس شخص نے ان کی بہن پر حملہ کیا ہے اسی شخص کی جانب سےانہیں بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔

دپیکاپڈوکون اور سنجے لیلا بھنسالی:

ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے دی جانے والی خطرناک دھمکیوں کا حال ہی میں شکار ہوئے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اوراداکارہ دپیکا پڈوکون۔ سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا فلم’پدماوتی‘کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ ہندو انتہا پسندوں نے دھمکی دی ہے اگر یہ فلم ریلیز کی گئی تو دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹ دیں گے جب کہ سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت 5 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ شدت پسندوں کی دھمکیوں سے تنگ آکر سنجے لیلا بھنسالی نے فلم’پدماوتی‘کی ریلیز موخر کردی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close