انٹرٹینمنٹ

معصوم زینب کے قتل پر شوبز و کرکٹ ستارے بھی اشک بار

کراچی: قصور میں کمسن بچی زینب کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کے ایک اور واقعے نے پورے ملک سمیت شوبز اور کرکٹ ستاروں کو بھی ہلا کررکھ دیا۔ ماہرہ خان، ماورا حسین، حمزہ علی عباسی اور محمد حفیظ سمیت متعدد اداکاروں اور کرکٹرز نے ٹوئٹر پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔

نامور پاکستانی اداکار اور میزبان حمزہ علی عباسی نے فیس بک پر ننھی زینب کے لیے آواز بلند کرتےہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا اس لرزہ خیز واقعے کے بعد میں اپنے احساسات کن الفاظ میں بیان کروں۔

پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے ننھی زینب کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئےکہا یہ سب کچھ اس وقت تک بند نہیں ہوگا جب تک ہم ان حیوانوں اور قاتلوں کو عبرت کا نشان نہیں بنائیں گے۔

معروف سماجی شخصیت منیبہ مزاری بھی اس موقع پر چپ نہ رہ سکیں اور لکھا کہ 7 سال کی ننھی پری کے ساتھ زیادتی کا واقعہ انتہائی خوفناک ہے ہم آخر کس معاشرے میں رہ رہے ہیں۔ خوبرو پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے لکھا ’یا اللہ اس قدر ظلم اور جہالت‘ہم بحیثیت قوم بہت شرمندہ ہیں۔ صرف زینب کا واقعہ نہیں بلکہ یہاں نجانے کتنے زیادتی اور قتل کےواقعات ہیں جو انصاف کے منتظر ہیں۔

معروف ٹی وی اداکارہ نادیہ جمیل نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننھی زینب کی لاش زیادتی کے بعد کوڑے دان سے برآمد ہوئی اس کے والدین عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں اور جب وہ واپس آئیں گے تو اپنی بچی کی تدفین کریں گے۔

قومی کرکٹر وہاب ریاض بھی اس واقعے پر بولنے سے خود کو روک نہ سکے اور لکھا کہ یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ سب سچ ہے اور یہ سب ہمارے پاکستان میں وقوع پزیر ہوا ہے۔ انہوں نے خدا سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یا اللہ ننھی زینب کے گھر والوں کو صبر دے۔ میں بھی ایک باپ ہوں اور جب میں نے اس واقعے کے متعلق سنا مجھے بہت دکھ ہوایہ سب کیا ہوگیااور ہم اسے دوبارہ ہونے سے کیسے روک سکتے ہیں؟

کرکٹر محمد حفیظ نے بھی زینب کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے کہا میں بھی ایک باپ ہوں یہ سب دیکھنے کے بعد والدین پر کیا گزرتی ہے ہم سوچ بھی نہیں سکتے، انہوں نے زینب کے والدین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ ہمارے معاشرے کے لیے سوچنے کا مقام ہے، حکومت کو اس واقعے پر ایکشن لینا چاہئےتاکہ ایسا کچھ دوبارہ نہ ہوسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close