انٹرٹینمنٹ

چین کی جانب سے پاکستان کو فلم کے شعبے میں تعاون کی پیشکش

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کی چین کے نائب وزیر اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف پریس، پبلی کیش، ریڈیو، فلم اور ٹیلی وژن ٹونگ گانگ سے بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر چینی نائب وزیر کا کہنا تھا کہ فلم کے شعبے میں چین پاکستان کے ساتھ تعاون اور اپنے تجربے سے استفادہ پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ چینی نائب وزیر ٹو نگ گانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہیں، چین اس وقت 700 سالانہ فلمیں بنا رہا ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے فلم کے شعبے میں چین کی جانب سے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس ضمن میں جلد باقاعدہ معاہدہ ترتیب دے دیا جائے گا۔ پاکستان اور چین کے مابین ریڈیو اور ٹیلی وژن کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت فلم پالیسی تشکیل دے رہی ہے اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے مراعات اور پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بہترین فلمیں بن رہی ہیں لیکن اس شعبے کو جدید بنانے کے لیے چین سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین کا اس وقت 19 ممالک کے ساتھ فلمیں بنانے کے لیے اشتراک جاری ہے، پاکستان اس شعبے میں 20واں شراکت دار بننا چاہتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں چائنہ کا ثقافتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر فلم فیسٹیول میں شرکت کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک عوام کے لیے ایک مثالی منصوبہ ہے، دونوں ملکوں کے مابین ثقافتی اشتراک عمل اور تعاون سے دونوں ممالک کے عوام اس منصوبے سے بھر پور استفادہ حاصل کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ خطے اور دیگر دنیا کے عوام کے لیے مشترکہ خوشحالی اور بہبود کا منصوبہ ہے۔ ملاقات میں چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور وزارت اطلاعات کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close