انٹرٹینمنٹ

لاہور میں جاری ایرانی فلم فیسٹیول اختتام پذیر، پاکستان اور ایران کا مشترکہ فلم سازی کا عزم

لاہور میں جاری رہنے والی 3 روزہ ایرانی فلم فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا۔ انقلاب اسلامی ایران کی 39ویں سالگرہ کے موقع پر خانہ فرہنگ ایران لاہور اور ایم ایل پروڈکشن کے تعاون سے رائل پام لاہور میں 3 روزہ فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب ڈوم ہال رائل پام میں منعقد کی گئی۔ جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک اور دونوں ملکوں کے قومی ترانوں سے اس تقریب کا آغاز ہوا۔ مبشر لقمان نے اپنی تقریر میں اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی ہم 9 ملکی ایشین فلم فیسٹیول منعقد کر رہے ہیں جس میں لاہور کے تمام سینماؤں کو شامل کیا جائے گا اور یہ ایک بڑا فیسٹیول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو آگے آنا چاہئے اور ایران کیساتھ مل کر فلمیں بنانی چاہئے۔

خانہ فرہنگ ایران لاہور کے ڈائریکٹر جنرل علی اکبر رضائی فرد نے کہا کہ کیوں نہ ہمارا برادر اسلامی ملک پاکستان ہمارے ساتھ مل کر فلمیں بنائے، اس سلسلے میں ہم تعاون کرنے کو تیار ہیں اور سلام بمبئی کی طرح ہم ان شاء اللہ "سلام لاہور” فلم مل کر بنائیں گے۔ اس موقع پر شھزاد رفیق، رابی پیرزادہ، شہزاد شریف، چودھری کامران، عثمان پیرزادہ، احمد مرجانی نژاد، خواجہ حبیب الرحمان، محمود طلائی، آقائی کاشانی، چودھری محمد علی اور حاضرین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس فیسٹیول میں سپر سینما رائل پام لاہور میں 6 ایرانی فلمیں دکھائی گئیں۔ روزانہ 2 فلمیں دکھائی گئیں جس میں باڈی گارڈ (محافظ)، یہ حبہ قند(شکر کی ڈلی)، رخ دیوانہ(دیوانہ کا چہرہ)، خیلی دور خیلی نزدیک(بہت دور بہت نزدیک)، کفشہایم کوُ (میرے جوتے کہاں ہیں) شامل تھیں۔ رخ دیوانہ فلم اردو زبان میں جبکہ باقی فلمیں اردو سب ٹائیٹل کیساتھ پیش کی گئی جنھیں حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close