انٹرٹینمنٹ

بینائی سے محروم یہ شخص 2 روز سے سری دیوی کے گھر کے باہر بیٹھا ہے لیکن کیوں؟ وجہ جان کر آپ کا دل بھی پگھل جائے گا

ممبئی: آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے انتقال کے بعد ان کے گھر اظہار افسوس کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے لیکن ان میں ایک شخص ایسا بھی ہے جو بینائی سے محروم ہے جو 2 روز سے اداکارہ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے ان کے گھر کے باہر ڈیرے جمائے ہوئے ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جتن والمکی نامی نابینا شخص اداکارہ سری دیوی کے انتقال کی خبر سن کر فوری طور پر اتر پردیش کے ایک دوردراز گاﺅں سے ان کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے ممبئی پہنچ گیا۔

اداکارہ کے گھر کے باہر 2 روز سے ڈیرے ڈالے ہوئے نابینا شخص جتن والمکی کا کہنا ہے کہ اسے فلموں سے نہیں بلکہ سری دیوی کی ذات سے دلچسپی ہے کیونکہ ایک مشکل موقع پر انہوں نے اس کی مدد کی تھی۔ ” ایک تقریب کے دوران مجھے سری دیوی سے ملاقات کا موقع ملا تو میں نے انہیں اپنے بھائی کے برین ٹیومر کے بارے میں بتایا ۔ میری بات سنتے ہی اداکارہ نے فوری طور پر مجھے ایک لاکھ روپے دے دیے جبکہ ایک لاکھ روپے ہسپتال کے بل کے بھی ادا کردیے، آج میرا بھائی صرف سری دیوی کی وجہ سے زندہ ہے اور میں یہاں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے آیا ہوں“۔

جتن کا مزید کہنا تھا ’ مجھے احساس ہے کہ میں سری دیوی کے احسان کا بدلہ کسی طور بھی نہیں چکا سکتا لیکن مجھے ان کے آخری سفر کا حصہ ضرور بننا ہے، جب مجھے ان کے انتقال کی اطلاع ملی تو میں فوری طور پر اپنے گاﺅں سے ممبئی آیا اور یہاں گزشتہ 2 روز سے ان کی آخری رسومات کا انتظار کر رہا ہوں‘۔ واضح رہے کہ 24 فروری (ہفتہ) کو دبئی میں اچانک انتقال کرجانے والی اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات آج (بدھ کو) ممبئی میں سہہ پہر ساڑھے 3 بجے ادا کی جائیں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close