انٹرٹینمنٹ

سلمان خان ضمانت پر رہائی کے بعد جیل سے ممبئی پہنچ گئے

جودھپور: کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سزا یافتہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان ضمانت کے بعد جیل سے رہا ہوچکے ہیں جہاں سے وہ خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچ گئے۔

سلمان خان کو جودھ پور کی عدالت کی جانب سے 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے فوری بعد ان کے وکلاء نے سزا پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

دبنگ خان کو سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 2 راتیں گزاریں لیکن اب عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

عدالت نے 25، 25 ہزار کے 2 مچلکوں کے عوض سلمان خان کی درخواست ضمانت منظور کی جب کہ عدالت نے سلمان خان کو بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

سلمان خان کو عدالتی فیصلے کے بعد جودھ پور کی سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں سخت سیکورٹی حصار میں ایئرپورٹ لے جایا گیا جس کے بعد کچھ ہی دیر میں انہوں نے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئ کے لیے اڑان بھری۔

فیصلے کے وقت دبنگ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے رہائی کے فیصلے پر خوب جشن منایا جب کہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر ان کے استقبال کے لیے موجود رہی۔

جج کا تبادلہ

 جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا لیکن اس سے قبل جج کا تبادلہ کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راجستھان ہائیکورٹ نےجج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کردیئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ججز کے تبادلے معمول کی کارروائی ہے اور ہر سال 15 سے 30 اپریل کے دوران راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے تبادلے کیے جاتے ہیں۔

واضح رہےکہ جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپےجرمانے کی سزا سنائی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close