انٹرٹینمنٹ

مہوش حیات نے بے نظیر بھٹو کی زندگی پر مبنی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کردی

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی زندگی پر بننےوالی فلم میں مرکزی کردار نبھانے کی تصدیق کردی۔

رواں برس کی ابتدا میں سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی خبر گردش کررہی تھی جب کہ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ فلم میں اداکارہ مہوش حیات بے نظیر بھٹو کا مرکزی کردار اداکریں گی تاہم مہوش حیات نے ان خبروں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیاتھا تاہم انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں یہ خواہش ظاہر کی گئی تھی مہوش حیات بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار اداکریں جس پر مہوش حیات نے کہا تھا کہ انہیں یہ کردار کرنے پر خوشی محسوس ہوگی اور اب تقریباً 5 ماہ بعد مہوش حیات نے ان خبروں کی تصدیق کردی ہے۔

اداکارہ مہوش حیات نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر ایک لمبی چوڑی پوسٹ کی جس میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے لکھا ’’آج شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ ہے اور یہ بہترین وقت ہے ان کی غیر معمولی کامیابیوں پر نظر ڈالنے کا، میں کبھی بھی سیاسی شخصیت نہیں رہی لیکن اس بات سے انکاری بھی نہیں کہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں خواتین کے حقوق اور برابری کے لیے بہت کوشش کی ہے۔ ایک وقت تھا جب انہوں نے خواتین کو یقین دلایا کہ کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے ہمیں امید دی اور احساس دلایا کہ ستاروں تک پہنچاجاسکتا ہے، مجھے موقع ملا ہے ان کی زندگی کے بارے میں مزید جاننے کا۔ مہوش حیات نے مزید لکھا بے نظیر بھٹو واقعی میں بہترین خاتون تھیں اور میں جلد ان کی زندگی کی کہانی کو پیش کروں گی۔‘‘

مہوش حیات نے اس جذباتی پوسٹ کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ جھولے پر بیٹھ کر بے نظیر بھٹو کے بارے میں مطالعہ کررہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close