انٹرٹینمنٹ

’سنجو‘ کو کامیابی کے لیے 230 کروڑ روپے کا چیلنج

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم’سنجو‘کو باکس آفس پر کامیاب ہونے کے لیے تقریباً 230 کروڑ کمانے ہوں گے۔فلمی دنیا پر حکمرانی کرنے والے اداکار سنجے دت کی نجی زندگی کسی فلم سے کم نہیں ان کی زندگی میں ایکشن، رومانس، سسپنس اور کامیڈی سب کچھ موجود ہے، یہی وجہ ہے بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار راجکمار ہیرا نی نے سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کااعلان کیا ہے۔ یہ فلم جتنے بڑے اداکار کی زندگی پر بنائی جارہی ہے اس فلم کا بجٹ بھی اتنا ہی بڑا ہے لہٰذا فلم کو باکس آفس پر اپنی کامیابی ثابت کرنے کے لیے بڑا ہندسہ پار کرنا ہوگا۔فلمی تجزیہ نگار اتول موہن کا کہنا ہے کہ فلم’سنجو‘کو کامیاب ہونے کے لیے تقریباً 230 کروڑ روپے کمانے ہوں گے۔ دوسری جانب فلم کے ٹریلر سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ فلم پر دل کھول کر پیسہ خرچ کیا گیا ہے اور پیسوں کے معاملے پر راجکمار ہیرانی نے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، ادھر فلم کی کاسٹ بھی بڑے اداکاروں پر مشتمل ہے، جن میں اداکار رنبیر کپور،دیا مرزا، سونم کپور، انوشکا شرما اور پاریش راول شامل ہیں۔ اس لحاظ سے فلم کا بجٹ بھی بہت بڑا ہے۔ فلموں کے حوالے سے ریکارڈ مرتب کرنے والی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی (انٹرنیشنل مووی ڈیٹا بیس)کے مطابق فلم کا بجٹ تقریباً ڈیڑھ سو کروڑ (100 کروڑ 50 لاکھ)ہے۔دوسری جانب فلم کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ فلم باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، فلم کے ٹریلر کی شائقین سمیت فلمی حلقوں سے وابستہ تنقید نگاروں نے بے حد تعریف کی ہے جب کہ فلم میں رنبیر کپور کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا ہے۔پچھلے کچھ عرصے میں رنبیر کپور بالی ووڈ کو کوئی بھی بڑی ہٹ فلم نہیں دے پائیں ہیں لہٰذا یہ فلم ان کے کیریئر کے لیے نیا موڑ ثابت ہوگی۔ اتول موہن نے مزید کہا فلم’’سنجو‘‘کو خود کوکامیاب ثابت کرنے کے لیےباکس آفس پر 230 کروڑ سے255 کروڑ کمانا ہوں گے جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ رنبیر کپور کا کیریئر چل پڑا ہے یا اسے بریک لگ گئے ہیں۔واضح رہے کہ فلم ’’سنجو‘‘بالی ووڈ کی سب سے زیادہ انتظار والی فلم بن گئی ہے شائقین بے چینی سے فلم کا انتظار کررہے ہیں اور رنبیر کپور کو سنجے دت کے روپ میں دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، فلم دوروز بعد جمعہ کے روز نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close