انٹرٹینمنٹ

ایشا گپتا بھی انوشکا کی طرح کرکٹر سے شادی کرنے والی ہیں؟

اگر کہا جائے کہ بولی وڈ میں ان دنوں شادیوں اور محبتوں کا سیزن ہے تو کچھ غلط نہ ہوگا، کیوں کہ ابھی چند ماہ قبل ہی اداکارہ سونم کپور نے شادی کی تھی۔ جب کہ سونم سے چند ماہ قبل ہی اداکارہ انوشکا شرما بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھیں۔ ساتھی اداکاراؤں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکارہ نیہا دھوپیا نے بھی رواں برس مئی میں خاموشی سے شادی کرلی تھی۔

جہاں انوشکا، نیہا اور سونم شادی کے بندھن میں بندھ گئیں وہیں اطلاعات ہیں کہ رواں برس کے آخر تک اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی ساتھی اداکار رنویر سنگھ سے شادی کریں گی۔

ساتھ ہی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی بھی امریکی گلوکار نک جونس سے رواں برس کے آخر تک منگنی یا شادی کی خبریں زیر گردش ہیں۔

علاوہ ازیں اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی محبت اور شادی کی خبریں بھی بھارتی میڈیا میں چل رہی ہیں۔

ان ہی خبروں میں ایک اور خبر کا اضافہ ہوا ہے اور اطلاعات ہیں کہ ‘بادشاہو’ اداکارہ ایشا گپتا جلد ہی انوشکا شرما کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

گزشتہ چند ہفتوں سے خبریں وائرل تھیں کہ 32 سالہ ایشا گپتا جلد ہی بھارتی کرکٹر 24 سالہ کرکٹر ہردک پانڈیا سے شادی کرنے والی ہیں۔

تاہم اب ان خبروں پر اداکارہ نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنی شادی سے متعلق وضاحت کردی ہے۔

ایشا گپتا نے اپنی ٹوئیٹ میں وضاحت کی کہ ان کی شادی سے متعلق جھوٹی خبروں کی اشاعت کا سلسلہ بند کیا جائے۔

اداکارہ نے ایسی خبروں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتی ہیں ان سے ایک ہی سوال کیا جاتا ہے کہ کیا وہ جلد شادی کرنے والی ہیں؟

اداکارہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کا ایک ہی جواب ہے کہ وہ ابھی شادی کا ارادہ نہیں رکھتیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ وہ میڈیا اور صحافیوں کی عزت کرتی ہیں، تاہم وہ اپنی زندگی کو اس طرح ایک مذاق بنتے ہوئے نہیں دیکھ سکتیں۔ ایشا گپتا نے ساتھ ہی میڈیا کو اپیل کی کہ دوسروں کی ذاتی زندگی کا خیال رکھا جائے۔

ادھر نشریاتی ادارے ‘پنک ولا’ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ سے جب ایک تقریب کے بعد شادی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ شادی نہیں کرنے جا رہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایسا کوئی فیصلہ کریں گی تو وہ سب کو بتائیں گی۔

تاہم اداکارہ نے کرکٹر ہردک پانڈیا سے تعلقات سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے کرکٹر سے تعلقات ہیں یا نہیں۔

پنک ولا کے مطابق ایشا گپتا اور ہردک پانڈیا کے درمیان کچھ ماہ قبل ہی ایک پارٹی میں ملاقات ہوئی تھی، جس دوران دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ ٹیلی فون نمبرز کا تبادلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں دونوں کے درمیان روابط بڑھے اور دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ کھانا کھاتے ہوئے یا گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔

ان دونوں کے درمیان اس وقت تعلقات پروان چڑھے جب کرکٹر ہردک پانڈیا کے اداکارہ ایلی اورم سے تعلقات کشیدہ ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق اداکارہ ایلی اورم کرکٹر سے اس لیے دور ہوگئیں کیوں کہ وہ عارضی نہیں بلکہ دیرینہ تعلقات چاہتی تھیں جب کہ ہردک پانڈیا سطحی تعلقات رکھنا چاہتے تھے۔

ایلی اورم سے قبل بھی ہردک پانڈیا کا نام ایک اور اداکارہ اروشی روتیلا سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے، تاہم تمام اداکاراؤں نے کرکٹر سے تعلقات کے حوالے سے وضاحتوں میں کہا تھا کہ ان کا ہردک کے ساتھ کوئی افیئر نہیں۔

اب اگرچہ ایشا گپتا نے بھی ہردک سے شادی کی خبروں کے رد عمل میں کہا کہ وہ شادی نہیں کرنے جا رہیں، تاہم انہوں نے کرکٹر سے تعلقات کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close