انٹرٹینمنٹ

بھارت میں ایک بندر کی گھر میں گھس کر بچہ ’’چرانے‘‘کی کوشش،ویڈیو وائرل ہوگئی

نئی دہلی : بھارتی ریاست کرناٹک کے گاوں میں ایک بندر نے ایک معصوم بچے کو ‘چرانے’ کی کوشش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کرناٹک کے ایک گاؤں میں ایک بندر بھاگتے بھاگتے ایک گھر میں گھس آیا اور ایک چھوٹے بچے کو اٹھالیا، یہ منظر دیکھ کر بچے کی والدہ اور دیگر اہلخانہ پریشان ہوگئے۔بچے کو بندر سے چھڑوانے کے لیے گھر والوں نے بہت کوشش کی لیکن اس نے بچے کو زمین پر لٹا دیا اور اس کو مضبوطی سے پکڑا رہا۔بچے کو بچانے کے لیے جب لوگ آگے بڑھتے تو بندر ان پر حملہ کرتا، یہاں تک کہ بچے کو بچانے کی کوشش کرنے پر بندر نے اس کی والدہ کا دوپٹہ بھی کتر ڈالا۔لوگوں نے سوچا کہ بندر شاید بھوکا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کے لیے کھانے پینے کی اشیا بھی پیش کی گئیں، لیکن وہ تب بھی ٹس سے مس نہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر سے بچے کو چھڑوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے لیکن وہ بچے کو پکڑے بضد ہے۔بعد ازاں ایک شخص نے بندر کا دھیان بٹایا تاکہ وہ بچے کو چھوڑ دے اور جیسے ہی بندر پیچھے مڑا بچے کو زمین سے اٹھا لیا گیا۔ دوسری جانب اس پورے عرصے میں بچہ اپنی ہی دنیا میں مگن کبھی مسکراتا اور کبھی روتا رہا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close