انٹرٹینمنٹ

کنگنا پر ڈائریکٹر کے عہدے پر قبضے کا الزام

بولی وڈ ‘کوئین’ کنگنا رناوٹ کی آنے والی فلم ‘منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی’ اگرچہ ابھی ریلیز ہی نہیں ہوئی، تاہم وہ پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔ جہاں اس فلم پر ریاست راجستھان کے برہمن گروپ ’سروا برہمن مہاسابھا‘ نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ فلم میں ان کی رانی یعنی ’جھانسی کی رانی‘ کے نامناسب سین ہیں، وہیں اس فلم کی کاسٹ، ڈائریکٹر اور شوٹنگ پر بھی تنازعات کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔

کچھ دن قبل ہی 31 اگست کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فلم کے مرکزی اداکار سونو سود نے کنگنا رناوٹ کے غلط رویے کی وجہ سے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، اب وہیں یہ خبر بھی آئی ہے کہ اداکارہ نے فلم کی ڈائریکٹر شپ پر قبضہ کرتے ہوئے ہدایت کار کو بھی فلم سے الگ ہونے پر مجبور کردیا۔

جی ہاں، کنگنا رناوٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے پہلے پہل فلم ‘منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی’ کے اسکرپٹ پر قبضہ کیا، بعد میں انہوں نے پروڈیوسرشپ بھی قبضہ کیا اور اب انہوں نے ڈائریکٹر شپ پر قبضہ کرتے ہوئے ہدایت کار کو فلم سے الگ ہونے پر مجبور کردیا۔

اگرچہ کچھ دن قبل فلم کی شوٹنگ کے کلپ بورڈ کی لیک ہونے والی تصویر کے بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ کنگنا رناوٹ ہی فلم کی ہدایت کارہ ہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا۔

لیکن اب نشریاتی ادارے ‘بولی وڈ ہنگامہ’ نے اپنی رپورٹ میں فلم کی ٹیم میں شامل ایک شخص کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کنگنا رناوٹ نے فلم کی ہدایت کاری پر بھی قبضہ کرلیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کنگنا رناوٹ کی جانب سے فلم کی ہدایت کاری پر قبضہ کیے جانے کے بعد فلم کے اصل ہدایت کار کرش نے خود کو فلم سے الگ کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق کرش نے فلم کے بہت سارے حصے کی ہدایات دیں ہیں اور فلم کو بہت اچھے انداز میں فلمایا ہے، تاہم اب اداکارہ نے ان کی ہی محنت کو اپنا نام دینے کے لیے ہدایت کاری پر قبضہ کرتے ہوئے فلم کی شوٹنگ کو اپنی مرضی سے آگے بڑھایا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کنگنا رناوٹ کے اس عمل کے بعد ہدایت کار کرش نے خود کو فلم سے الگ کرلیا۔

رپورٹ میں ہدایت کار کرش کے حوالے سے بتایا گیا کہ اداکارہ نے پہلے پہل فلم کے اسکرپٹ بعد ازاں پروڈیوسرشپ اور اب ڈائریکٹر شپ بھی قبضہ کرلیا۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل فلم کی شوٹنگ کے کلپ بورڈ کی سامنے آنے والی تصویر میں ڈائریکٹر کے باکس میں کنگنا رناوٹ کا نام لکھا ہوا تھا، جس کے بعد یہ خبریں آئیں کہ اداکارہ نہ صرف فلم میں اداکاری کر رہی ہیں، بلکہ وہ اس کی ہدایات بھی دے رہی ہیں۔

تصویر سامنے آنے کے ایک دن بعد ہی فلم کے مرکزی اداکار سونو سود نے کنگنا رناوٹ کے رویے سے تنگ آکر خود کو فلم سے الگ کرلیا تھا۔

یہ خبریں تھیں کہ کنگنا رناوٹ اداکار کو شوٹنگ کے لیے تنگ کر رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے ان کے کردار کو بھی مختصر کردیا۔

اگرچہ کنگنا رناوٹ کی ٹیم نے یہ بیان جاری کیا تھا کہ انہوں نے فلم کی ہدایت کاری پر قبضہ نہیں کیا۔

تاہم بعد ازاں سامنے آنی والی رپورٹ کنگنا رناوٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ سونو سود نے ایک خاتون ہدایت کارہ کے ماتحت کام کرنے کی غرض سے فلم سے علیحدگی اختیار کی۔

رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ سونو سود ایک خاتون فلم ڈائریکٹر سے خوف زدہ ہوگئے اور ان کے ماتحت کام نہیں کرنا چاہتے۔

بعد ازاں سونو سود نے ان بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کنگنا رناوٹ خاتون کارڈ استعمال کر رہی ہیں۔

اب یہ خبر بھی آئی ہے کہ کنگنا رناوٹ نے فلم کی ہدایت کاری پر قبضہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر کو بھی فلم سے الگ ہونے پر مجبور کردیا۔

ایسے تنازعات کی وجہ سے ہی فلم کی شوٹنگ تاحال مکمل نہیں ہوئی اور 2017 کے آغاز سے ہی اس کی شوٹنگ جاری ہے۔

پہلے کہا جا رہا تھا کہ فلم کو 2018 کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا، بعد ازاں اسے رواں برس کے آخر تک ریلیز کیے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

تاہم اب خبریں ہیں کہ فلم کی شوٹنگ مکمل نہیں ہوئی، اس وجہ سے اسے آئندہ برس 25 جنوری کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

فلم میں کنگنا رناوٹ نے ‘جھانسی کی رانی’ کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم پر جھانسی کی رانی کے پیروکار برہمن گروپ نے بھی الزامات عائد کر رکھے ہیں۔

برہمن گروپ نے فلم کی ٹیم کو وارننگ دے رکھی ہے کہ فلم سے جھانسی کی رانی کے انگریزوں کے ساتھ فلمائے گئے رومانوی مناظر خارج کیے جائیں، دوسری صورت میں بھارت بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

ادھر کنگنا رناوٹ اور فلم کی ٹیم نے کہا ہے کہ فلم میں جھانسی کی رانی اور انگریز کے درمیان کوئی رومانوی سین نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close