انٹرٹینمنٹ

خانہ جنگی کے شکار شام میں کیا کسی بھارتی کو شاہ رخ بچا سکتے ہیں؟

مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کو کب، کون، کہاں اور کیسے پہنچے یہ تو پہلے سے کسی کو کوئی پتہ نہیں ہوتا۔ تاہم کچھ ناخوشگوار واقعات میں اتفاق سے کسی شخص سے تھوڑا سا تعلق بھی کسی کو محفوظ بنا سکتا ہے۔

ایک ایسا ہی حیرت انگیز تجربہ ایک بھارتی شخص کو اس وقت پیش آیا، جب وہ خانہ جنگی کے شکار ملک ‘شام’ کے تاریخی شہر ‘پالمیرا’ جسے ‘تدمر’ بھی کہتے ہیں، دیکھنے کے لیے بھارت سے شام روانہ ہوا۔

ڈی این اے انڈیا میں شائع مضمون میں کرتکیا شرما نے دعویٰ کیا کہ شام کے دورے کے دوران وہ متعدد بار مشکلات میں پھنسے اور ہر بار ان کی مدد ‘شاہ رخ خان‘ نے کی۔

ممکن ہے کہ آپ کرتکیا شرما سے اتفاق نہ کرتے ہوں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ان کی بات پر کسی کو یقین نہیں تو وہ بھی شام جاکر دیکھیں اور پھر شاہ رخ خان سے اپنے تعلقات بیان کرکے دیکھیں۔

انہوں نے مضمون میں بتایا کہ وہ شامی حکومت کی جانب سے بتائے گئے تمام سرکاری دستاویزات اور اس کی اجازت سے ہی تاریخی شہر دیکھنے جا رہے تھے، تاہم انہیں ہر بار شامی فوج آگے بڑھنے کے وقت روک دیتی اور پھر ان کی خوب تلاشی لی جاتی۔

کرتکیا شرما کے مطابق انہیں مکمل دستاویزات ہونے کے باوجود شامی فوج نے تقریبا ہر چیک پوسٹ پر روکا اور ان کی تلاشی لی اور ان سے پوچھا کہ وہ کہاں سے آئے ہیں۔

بھارتی شخص نے بتایا کہ جب وہ شامی فوج کو بتاتے کہ وہ انڈیا سے آئے ہیں تو وہ خوش ہوکر سوال کرتے کہ ‘ہند’ سے آئے ہو؟۔

کرتکیا شرما کا کہنا تھا کہ پھر شامی فوجی ان سے سوال کرتے کہ اگر تم ہندوستان سے آئے ہو تو شاہ رخ خان سے تعلق یا ان سے متعلق کچھ بتاؤ۔

بھارتی شخص کے مطابق جب وہ شامی فوجیوں کو شاہ رخ خان سمیت دیگر بولی وڈ اداکاروں سے متعلق بتاتے تو شامی فوجی ہنس پڑتے اور کہتے کہ وہ ‘شاہ رخ خان‘ کے فین ہیں اور ان سے محبت کرتے ہیں۔

کرتکیا شرما نے بتایا کہ اگرچہ شامی فوجیوں نے شاہ رخ خان کے علاوہ کرشمہ کپور اور امیتابھ بچن جیسے اداکاروں کے حوالے سے بھی بات کی، تاہم ہر بار وہ شاہ رخ خان کا نام لے کر مشکل سے بچ نکلتے۔

بھارتی شخص نے دعویٰ کیا کہ شامی فوجیوں نے ان سے امیتابھ بچن کے بیٹے یعنی ابھیشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے سے متعلق بھی پوچھا۔

کرتکیا شرما نے بتایا کہ شامی فوجیوں نے ان سے دریافت کیا کہ ابھیشیک اور ایشوریا کے آپس میں کیسے تعلقات ہیں؟

بھارتی شخص نے مضمون میں بتایا کہ بعض اوقات بھارتی افراد کو بیرون ممالک میں مصیب میں جہاں سرکاری دستاویزات اور وہاں کے روابط کام نہیں آتے، وہیں بولی وڈ ان کے کام آتا ہے۔

کرتکیا شرما کے مطابق شام جیسے ملک میں انہیں شاہ رخ خان کے نام اور بولی وڈ نے مشکل سے بچایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close