انٹرٹینمنٹ

جنسی ہراسانی کا الزام: کنگنا نے مخالفت پر سونم کو کھری کھری سنا دیں

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے سونم کپور کی تنقید پر انہیں کھری کھری سنا دی ہیں۔ گزشتہ روز اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ’کوئین‘ کے ہدایت کار وکاس بہل پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ 2014 میں فلم ’کوئین‘ کی شوٹنگ کے دوران وکاس کہتے تھے کہ ‘مجھے انجوائے کرانا نہیں آتا اور وہ جب بھی مجھ سے ملتے تو بالوں کی خوشبو کی تعریف کرتے اور زبردستی قریب آنے کی کوشش کرتے تھے جس سے مجھے پریشانی ہوتی تھی’۔

اداکارہ کنگنا رناوت کے انکشاف کے بعد بالی وڈ میں بھی ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے اور کئی شخصیات نے کنگنا کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

لیکن ایسے میں سونم کپور نے ساتھی اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کنگنا کچھ بھی کہتی رہتی ہے لہٰذا ان کی بات پر یقین کرنا مشکل ہے۔

سونم کپور سے انٹرویو میں ’می ٹو‘ مہم اور کنگنا کے وکاس بہل پر الزام سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ سارا معاملہ دکھی کرنے والا ہے کیوں کہ میں ان سب کو جانتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی کنگنا کی باتوں پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن وہ منہ پھٹ ہیں اور اپنی بات بے باکی سےکرتی ہیں۔

کنگنا رناوت کو خود پر سونم کپور کا تبصرہ ہضم نہیں ہوا اور وہ ان کے بیان پر سیخ پا ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا سے انٹرویو میں کنگنا نے سونم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سونم کو یہ حق کون دیتا ہے کہ وہ مجھے جج کریں؟  میرے بیان پر وہ کیسے سوال اٹھا سکتی ہیں؟

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی بڑے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کی ہے اور میری پہچان والد کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ میں نے سالوں محنت کرکے اپنی جگہ خود بنائی ہے۔

کنگنا نے کہا کہ سونم نہ ہی اچھی اداکارہ ہے اور نہ ہی اچھی اسپیکر ہیں لہٰذا ان فلمی لوگوں کو میرا مذاق اڑانے کا کوئی حق نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ تنو شری دتہ نے بھی نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد سے اب تک بالی وڈ میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close