انٹرٹینمنٹ

عروہ کے ساتھ کام کرنا خوفناک تجربہ تھا، خلیل الرحمان قمر

لاہور: نامور مصنف اور ڈائریکٹر خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ اداکارہ عروہ حسین کے ساتھ فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں کام کرنا انتہائی خوفناک تجربہ تھا۔ خلیل الرحمان قمر 20 برس سے شوبز نگری کا حصہ ہیں اور اس وقت اپنی نئی فلم ’کاف کنگنا‘ کی عکس بندی میں مصروف ہیں جو کہ آخری مراحل میں ہے۔ فلم کے مرکزی کردار میں سمیع خان اور عائشہ عمر نظر آئیں گے جب کہ عیشال فیاض معاون کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔

خلیل الرحمان قمر سے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنی نئی فلم ’کاف کنگنا‘ سے سوہائے علی ابڑو اور عروہ حسین کو کیوں تبدیل کیا؟

جس پر خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ ‘میں بری عادتیں برداشت کرسکتا ہوں لیکن کام میں بد دیانتی نہیں، میں ایسے کسی اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں جو پوری لگن کے ساتھ کام کرے‘۔

انہوں نے بتایا کہ’ فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے لیے بھی میرا انتخاب عروہ نہیں تھی لیکن دردانہ کے کردار کے لیے عروہ نے بہت منتیں کی، جس پر مجھے ترس آگیا، تاہم تب بھی میں نے فلم میں انہیں ان کے اصرار کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے شوہر فرحان سعید کی وجہ سے شامل کیا تھا کیونکہ وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں‘۔

خلیل الرحمان کا کہنا تھا کہ ‘جب مجھے عروہ کی فلم میں شمولیت کا فیصلہ کرنا تھا تو وہ میری زندگی کے برے دن تھے۔ ان 7 دنوں میں مجھے نیند کی گولیاں بھی کھانی پڑیں کیونکہ میں فرحان سے محبت کرتا ہوں اور یہ ایک مشکل فیصلہ تھا‘۔

ان کا کہنا تھا، ’میں نے بہت بار سوچا کہ میں عروہ کو فلم سے باہر کردوں لیکن میرے سامنے بار بار فرحان کا چہرہ آجاتا، جس کی وجہ سے میں کچھ نہیں کرسکا‘۔

ہدایت کار نے بتایا کہ ’کہنا نہیں چاہیے لیکن عروہ کے ساتھ کام کرنا سب سے زیادہ خوفناک تجربہ تھا اور اس دن سے میں نے سوچ لیا تھا کہ اب کسی نامور اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کروں گا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے شوبز کے 20 برس میں عیشال فیاض جیسی پر جوش اور محنت و لگن سے کام کرنے والی اداکارہ نہیں دیکھی‘۔ واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر فلموں کے ساتھ ٹیلی ویژن کے سپر ہٹ ڈراموں کے بھی لکھاری ہیں جن میں جیو پر نشر ہونے والا مقبول ڈرامہ سیریل ’محبت تم سے نفرت ہے‘ بھی شامل ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close