انٹرٹینمنٹ

معروف برطانوی گلوکار جارج مائیکل چل بسے

لندن: معروف برطانوی گلوکار جارج مائیکل  53 برس کی عمر میں چل بسے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی گلوکار جارج مائیکل کے پریس ایجنٹ نے تصدیق کی ہے کہ جارج مائیکل اب اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کا انتقال اپنے گھر میں سوتے ہوئے حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ جارج مائیکل کے انتقال کی وجوہات کی فی الحال وضاحت نہیں کی جا سکتی تاہم  پوسٹ مارٹم کے بعد ہی  اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔

جارج مائیکل نے 1980 کے عشرے میں پاپ بینڈ ’’ویم‘‘ (Wham) سے موسیقی میں  اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد انہوں نے سولو سنگر کی حیثیت سے اپنا کیریئر جاری رکھا۔ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں اپنے گیتوں کے باعث دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے جارج مائیکل کے البم دس کروڑ سے زیادہ تعداد میں فروخت ہوچکے ہیں۔

’’کیئرلیس وسپر‘‘ ان کا پہلا مشہور ترین نغمہ تھا جس کے بعد ’’لاسٹ کرسمس‘‘ اور ’’فادر فیگر‘‘ نے بھی زبردست مقبولیت حاصل کی۔

1990 کے عشرے میں وہ انٹرٹینمنٹ کمپنی ’’سونی‘‘ کے خلاف مقدمے کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے جس میں انہیں شکست کا سامنا ہوا البتہ سونی نے ان کے خلاف مزید قانونی چارہ جوئی سے گریز کیا۔ اس کے علاوہ منشیات کے استعمال اور دوسری بری عادتوں کے باعث بھی جارج مائیکل نے ایک طویل عرصے تک میڈیا کی توجہ حاصل کئے رکھی۔ان کے مشہور سولو البمز میں فیتھ، لسن وداؤٹ پریجوڈائس، اولڈر، لیڈیز اینڈ جنٹل مین، پیشنس، ٹوینٹی فائیو اور سمفونیکا شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close