انٹرٹینمنٹ

پریانکا نامناسب لباس کے بعد اب نئے تنازعے کا شکار

ممبئی: چند روز قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات میں زیب تن کئے لباس کے بعد اب پریانکا چوپڑا کو سیلفی کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔  پریانکا چوپڑا اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم ’بے واچ‘ کی تشہیر کے سلسلے میں برلن میں موجود ہیں ،گزشتہ چند روز قبل برلن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران غیر شائستہ لباس زیب تن کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی گئی تھی اور اب ایک بار پھر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق جرمنی کے شہر برلن میں یہودیوں کے قتل عام کی یادگار واقع ہے جس میں 2،711 پتھر کی سلیں موجود ہیں جو تقریباً 60 لاکھ یہودیوں کی قبروں کی نشانی کے طور پر جانی جاتی ہیں جنہیں ہٹلر کے دور میں مبینہ قتل کیا گیا تھا۔یہ یادگار عام عوام کیلئے 2005 میں کھولی گئی تھی تاہم یہاں موجود پتھر کی سلوں پرنہ  کسی کو چڑھنے کی اجازت ہے نہ شور مچانے کی اور نہ ہی سگریٹ نوشی کرنے کی۔

پریانکا چوپڑا نے اپنے بھائی سدھارتھ کے ساتھ میموریل میں لی جانے والی دو تصاویر اسنیپ چیٹ پر شیئر کی ہیں جن میں ان کے پیچھے پتھر کی سلیں واضح نظر آرہی ہیں،پہلی تصویر میں انہوں نے کیپشن دیا ہے ’ہولوکاسٹ میموریل‘ ،برلن جبکہ دوسری تصویر میں انہوں نے لکھا ہے ’میں اور میرا بھائی سدھارتھ بطور سیاح میموریل میں موجود ہیں یہاں گہری خاموشی چھائی ہوئی ہے‘۔

انہوں نے جیسے ہی یہ تصاویر اسنیپ چیٹ پر شیئر کیں سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہوگیا اور ہولوکاسٹ میموریل کے تقدس کو پامال کرنے پر ٹوئٹر صارفین نے پریانکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ،’پریانکا کے ساتھ مسئلہ کیا ہے،کیا یہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کا نیا طریقہ ہے‘۔

ایک صارف نے کہا’ پریانکا کی جانب سے تصاویر  پوسٹ کیے جانے سے قبل میں انہیں ایک سمجھدار خاتون سمجھتا تھا‘۔

جبکہ ایک شخص کا کہنا تھا کہ کیا واقعی پریانکا نے ہولوکاسٹ میموریل میں سیلفی لی ؟اصل حقیقت کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے تنگ آکر پریانکا نے دونوں تصاویر اسنیپ چیٹ سے ہٹادیں۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنی فلم’ بے واچ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں ،فلم میں ان کے ساتھ ہالی ووڈ کے سپر اسٹارڈیوائن جانسن،زیک ایفرون،الیگزینڈرا اورکیلی رورباک نےا ہم کردار ادا کیے ہیں فلم کی ہدایت کاری سیٹھ گورڈون نےدی ہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close