بلوچستان

سابق مشیر خزانہ بلوچستان کی 12 روزہ حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد : ہائیکورٹ نے سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کی 12 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے گھر سے گزشتہ دنوں نیب نے چھاپہ مار کر 63 کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور 20 کلو سونا برآمد کیا تھا ۔ دوران تفتیش مشتاق رئیسانی نے الزام لگایا تھا کہ یہ رقم ایک ترقیاتی منصوبے میں سے خورد برد کی گئی ہے اور اس میں سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو بھی ملوث ہیں۔ مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگوروپوش ہوگئے تھے تاہم وہ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور حفاظتی ضمانت کی درخواست کی ۔ خالد لانگو کی درخواست کی سماعت جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مشتاق رئیسانی نے خالد لانگو کو جھوٹے الزامات میں پھنسانے کی کوشش کی معاملے کی تحقیقات کیلئے نیب اور کوئٹہ کی عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں اس لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ احتساب کے عمل میں شامل ہوا جاسکے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خالد لانگو کو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی 12 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close