اسلام آباد

وزیراعظم کے استعفے سے جمہوریت کو کچھ نہیں ہوگا، خورشید شاہ

اسلام آباد: قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو حکومت نہیں جمہوریت چاہیے اور وزیراعظم کے استعفے سے جمہوریت کو کچھ نہیں ہوگا۔ اسلام ٓباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ عدالتیں سازش نہیں کرسکتیں، بھارت بھی سازش نہیں کر سکتا کیونکہ وہ نوازشریف کا دوست ہے، لہذا لگتا ہے نوازشریف کا اشارہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہے، نواز شریف کی آصف زرداری سے ناراضی ہے تو یہ فضل الرحمن کو بتا دیں سازش کون کر رہا ہے، ہم جمہوریت بچانے کے لیے سازش کے خلاف کھڑے ہوں گے، پیپلزپارٹی کو حکومت نہیں جمہوریت چاہیے اور وزیراعظم کے استعفے سے جمہوریت کو کچھ نہیں ہوگا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری ہتھکڑیوں کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، بے نظیر بھٹو معصوم بچوں کے ساتھ عدالتوں اور جیلوں کے دھکے کھاتی رہیں اس وقت کسی کو بیٹی کا احساس نہیں ہوا، ہماری بیٹی مریم نواز کیوں جھوٹ بول رہی ہیں، پہلے کہا میرا پراپرٹی سے کوئی تعلق نہیں اور بعد میں کہا میں ٹرسٹی ہوں، وقت آنے پر ثبوت دوں گی لہذا یہ معاملہ جھوٹ کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار جیسے تحمل مزاج آدمی کا سخت رویہ قابل تشویش ہے، ان کے رویے سے ظاہر ہوتا ہے دال میں کچھ کالا ہے، (ن) لیگ کی طرف سے یہ ماحول جان بوجھ کر بنایا جارہا ہے، حالات اتنے خراب ہیں تو وزیراعظم کو ملک میں ہونا چاہیے تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close