اسلام آباد

یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ

اسلام آباد: یوم پاکستان کی مناسبت سے شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار مشترکہ پریڈ کا انعقاد کیاگیا، جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا تھے۔ اس کے علاوہ برادر ملکوں کے سفرا بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین روایتی انداز میں گھڑ سوار دستے کے حصار میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے جہاں مسلح افواج کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور انہیں سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد جیپ میں سوار صدر مملکت نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔

یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، 23 مارچ 1940 کو ہمارے بزرگوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا۔ ہماری امن دوستی کو کمزوری سمجھنا خطرناک ثابت ہوگا، ہمارا ہمسایہ اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کے جائز حق کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ یہ شاندار پریڈ ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے، سری لنکن صدر کی پریڈ میں شرکت پر شکر گزار ہیں۔

صدر مملکت کے خطاب کے بعد مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی مہارات کا ثبوت دیا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے ایف 16 پر سلامی دی۔ اس کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی برآمد ہوئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close