اسلام آباد

وزیراعظم پاکستان کا دورہ افغانستان، آپسی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پہ اتفاق

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان صدر اشرف غنی سے کابل میں ملاقات کی ہے، جس میں پاک افغان مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، سیکرٹری خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت گورنر خیبر پختونخوا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ افغان صدارتی محل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے افغان صدر سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں سکیورٹی معاملات، انسداد دہشت گردی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی، منشیات کی پیداوار کے خاتمے، افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک افغان قیادت کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کے مشترکہ اہداف کے حصول پر اتفاق کیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس نے ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں بتایا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان صدر اشرف غنی سے ون ٹو ون ملاقات بھی کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے، مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان نے افغانستان کو 40 ہزار ٹن گندم بطور تحفہ دینے اور افغان بر آمدات پر اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کیا جب کہ وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پاک افغان تعلقات، افغانستان میں مفاہمتی عمل، مہاجرین کی واپسی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش اور مفاہمتی عمل سے متعلق افغان صدر کے ویژن کو سراہا۔ دونوں رہنماوٴں نے طالبان پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے وہ کسی تاخیر کے بغیر مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔ دونوں رہنماوں نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے، اندرونی ایشیائی ریاستوں تک رسائی اور توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی پر اتفاق کیا۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں شمن قندھار ریلوے لائن، پشاور کابل موٹر وے کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے، دونوں رہنماوں نے چار ملکی گیس پائپ لائن تاپی اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے کاسا ایک ہزار کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے افغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور قونصلر معاملات پر بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ملاقاتوں میں وزیر اعظم نے افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو کو پاکستان کے دورے کی دعوے بھی دی۔ دریں اثنا وزیراعظم نے افغانستان کے مذہبی رہنماوٴں گل بدین حکمت یار، استاد محمد محقق، استاد کریم خلیلی اور پیر سید حامد گیلانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close