اسلام آباد

قومی اسمبلی اجلاس، اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کردیا

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نےحکومت کی جانب سے لائی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کر دیا۔ تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا یہ اسکیم ٹیکس ادا کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جبکہ نوید قمر کہتے ہیں ووٹ کے تقدس کی بات کرنے والی حکومت نے اسکیم لانے میں پارلیمنٹ کو نظرانداز کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تو وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا پاکستان شام کی صورتحال پر فی الحال غیرجانبدار ہے لیکن پاکستان کو شام کے مہاجرین کی صورتحال پر تشویش ہے اور مسلئے کے حل کے لیے سفارتی کوششوں میں بھی شریک ہیں۔

رکن اسمبلی نعیمہ کشور نے سوال کیا کہ امریکی سفارتکار نے پاکستان نوجوان کچل دیا اس پر پولیس دفتر خارجہ نے کیا کارروائی کی ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ روڈ ایکسیڈنٹ میں ملوث امریکی سفارتکار پاکستان میں ہی موجود ہے اور اسکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ سوشل میڈیا پر ہندوؤں کے شیو بھگوان کی توہنین آمیز تصویر کے معاملے پر ہندو ارکان قومی اسمبلی کا احتجاج کیا۔

رکن اسمبلی رمیش لال نے کہا عمران خان کو شیو بھگوان سے تشبیہ دے کر ہمارے جذبات مجروح کیا گیا۔۔ سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جائیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا معلوم کیا جائے یہ کس سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا سیل کی کاروائی ہے اس پر اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کو تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمیش لال اس معاملے میں درخواست گزار بن جائیں۔

طلال چوہدری نے کہا ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ اس معاملے پر ضروری کاروائی کریں گے۔ سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کرنا پڑا تو کریں گے۔ قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے لائی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بحث شروع ہوئی تو اپوزیشن جماعتوں نے اسکیم کو مسترد کر دیا۔ سید نوید قمر نے کہا حکومت نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر ایمنسٹی اسکیم لائی جس کو انکی جماعت مسترد کرتی ہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا یہ سکیم ٹیکس ادا کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جو لوگ ٹیکس چور ہیں انکو اس اسکیم سے مزید آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پانچ بجٹ پیش کر چکی ہے چھٹا بجٹ پیش کرنے کی مجاز نہیں۔ تحریک انصاف موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بجٹ تسلیم نہیں کرے گی۔ ایم کیو ایم کے رکن شیخ صلاح الدین نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے انہی اقدامات کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ سے بلیک لسٹ کی طرف جارہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close