اسلام آباد

ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی شخصیات بیرون ملک عید منائیں گی

لاہور: صدرممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اوراسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق سمیت ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی شخصیات بیرون ملک عید منائیں گی۔

 شریف فیملی کے 13 افراد وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ عید منانے کے لیے  پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 سے لندن روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم گزشتہ ایک ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں ہی مقیم ہیں۔ لندن جانے والے افراد میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور ان کے بچے جب کہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے مریم نواز بھی اپنے بچوں سمیت لندن روانہ ہوگئیں ہیں۔

وزیر اعظم کے خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرزکی جانب سے اجازت ملنے پروزیراعظم کی 8 جولائی کو وطن آمد متوقع ہے جب کہ لندن جانے والے یہ افراد بھی نوازشریف کے ساتھ واپس آجائیں گے۔

دوسری جانب وزیرخزانہ اسحاق ڈاربھی اپنے بچوں کے ساتھ عید منانے دبئی روانہ ہوگئے ہیں جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید منانے کے لئے جرمنی پروازکرچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین زرداری بھی کافی عرصے سے بیرون ملک موجود ہیں لہذا وہ بھی بیرون ملک ہی عید منائیں گے جب کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سکھر اور اعتزاز احسن لاہور میں عید منائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان لاہور میں عید منائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close