Featuredاسلام آباد

افتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں کیونکہ انہوں نے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کروائی اور اب ایک بار پھر رائیونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جولائی میں ہونے والے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے نگراں وزیراعظم سے استدعا کررکھی ہے تاہم چند عناصر کے ہوتے ہوئے یہ ممکن نہیں، 2013 کے انتخابات میں بھی سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ایک معاہدے کے تحت (ن) لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلی کرائی، نوازشریف نے افتخار چوہدری کو کہا تھا آپ کو صدر بنائیں گے لیکن بعد میں مکر گئے اور اب ایک بار پھر سابق چیف جسٹس انتخابات سے قبل رائے ونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں، فتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں۔

 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری کا اپنا کوئی قد کاٹھ نہیں، انہوں نے اپنے بیٹے کا مقدمہ بھی خود سن کر ریلیف دیا، ارسلان چوہدری کا مقدمہ بھی جلد کھلنا چاہیے، نیب اچھا کام کررہی ہے لیکن نیب کو افتخار چوہدری کی کرپشن کیوں نظر نہیں آتی؟۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کومقدمے میں سزا اس لیے نہیں ہورہی کہ وکلاء تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ عمران خان کی نوازشریف کے ساتھ  کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، کل پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر عمران خان کی ہدایت پر ہارلے اسٹریٹ گئے اور بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور ہم بھی ان کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ کچھ اینکرز اور میڈیا ہاوٴسز عمران خان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کررہے ہیں اور ان کی جعلی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر لوڈ کی جارہی ہیں، ہمارے پاس انتخابات میں حصہ لینے کے ہزاروں امیدوار ہیں لیکن ٹکٹس کم ہیں اور یہ معاملہ ایک انار سو بیمار والا بن چکا ہے، عمران خان کہہ چکے ہیں ہر شخص کو ٹکٹس نہیں دیئے جاسکتے تاہم کوشش ہے کہ جلد امیدواروں کا چناوٴ کردیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار سمیت ہم کسی کے ساتھ سیاسی اتحاد نہیں کررہے، ہم بلے کے نشان پر ہی انتخابی میدان میں اتریں گے۔

 

 

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close