اسلام آباد

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر یاؤجنگ نے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی چینی حکومت کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق چینی سفیر یاؤ جنگ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہوئی جہاں باہمی دلچپسی کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران چینی سفیر نے اپنی حکومت کی جانب سے پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر شی جن پنگ کے چین کی معاشی ترقی کے وژن کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس شعبے میں اور بالخصوص زرعی شعبے میں چین کے تجربے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ وانگ یی کا ستمبر میں پاکستان میں استقبال کے لیے بے چینی سے انتظار ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ چینی ہم منصب کے ساتھ باہمی دلچسپی سمیت تمام معاملات پر خیالات کے تبادلے کے لیے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ چینی سفیر نے انتخابات میں کامیابی کے بعد عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی تھی اور انھیں چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے مبارک باد پیش کی تھی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے اس ملاقات میں کہا تھا کہ معیشت، سفارت کاری اور عالمی معاملات میں پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close