Featuredاسلام آباد

بھارت سے تعلقات میں فوری بہتری نہیں آسکتی: وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ امید نہیں کہ موجودہ بھارتی حکومت ہمارے خیر سگالی جذبے کا کوئی جواب دے گی لہٰذا بھارت سے تعلقات میں فوری بہتری نہیں آسکتی۔

جنگ اور دی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کو کردار دینا پاک امریکا تعلقات میں خرابی کی وجہ ہے جب کہ امریکی اسٹیبلشمنٹ خود تقسیم ہے، ایک حصہ چاہتا ہے افغانستان کو ابھی نہ چھوڑیں اور دوسرا اس کے برعکس سوچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستحکم افغانستان پاکستان کیلئے فائدہ مندہے، غیر روایتی جنگ سے پاکستانی معیشت پر برا اثر پڑرہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے پر حقائق نامہ جاری کریں گے، ہمارا نیا بلدیاتی نظام، سستا انصاف، پولیس اصلاحات اور 100 روزہ پروگرام حکومت کا ترجیحی ایجنڈا طے ہو گیا ہے، وزیراعظم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑے منصوبے کا اعلان کریں گے اس کے ذریعے پاکستانی تارکین وطن کو مراعات ملیں گی اورملک میں نئی سرمایہ کاری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے آرمی چیف کی اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان میں بندوق صرف ریاست کے ہاتھ میں ہونی چاہیے، کسی بھی تنظیم کو تشدد اور بندوق کی اجازت نہیں ہو گی، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ہوگا، پاکستان میں کسی مسلح تنظیم کا وجود برداشت نہیں ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت سے تعلقات میں فوری بہتری نہیں آسکتی کیونکہ 2019 میں بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں اور ہمیں امید نہیں موجودہ حکومت ہمارے خیر سگالی جذبے کا کوئی جواب دے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تمام معاہدوں پر عمل درآمد کیلئے پر عزم ہیں ، سابق حکومت کے سی پیک کے تمام معاہدوں پر عمل کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close