اسلام آباد

وزیراعظم ہاﺅس کی 3بھینسیں، 4 کٹیاں، ایک کٹا کتنے میں نیلام ہوا

وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم ہاﺅس کی 102 میں سے 61 لگژریگاڑیوں کی نیلامی کے بعد 8 بھینسیں بھی 23 لاکھ 2ہزار روپے میں نیلام ہوگئیں
جمعرات کی صبح 11 بجے شروع ہونے والی نیلامی سو سے زائد خریداروں کی موجودگی میں ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں نیلی راوی نسل کی تین بھینسوں، چار کٹیوں اور ایک کٹے کی فروخت سے حکومت کو 23 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی۔ سب سے مہنگی بولی آٹھ سالہ بھینس کی لگی جو جھگی سیداں کے قلب عباس نے 3 لاکھ 85 ہزار میں خریدی۔ یہ بھینس 2014ءسے پی ایم ہاﺅس میں تھی۔

بی بی سی کے مطابق راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے حامی حسن لطیف لطیف نے دو سالہ بھینس 3 لاکھ 5 ہزار روپے میں خریدی۔ انہوں نے کہا میں نے یہ بھینس میاں صاحب کی محبت میں خریدی، موقع ملا تو انہیں تحفتاً پیش کرنا چاہوں گا۔ ن لیگ کے ایک اور حامی حاجی امداد علی نے بھی ایک بھینس 3 لاکھ سے زائد میں خرید۔ انہوں نے کہا یہ بھینس نواز شریف کی نشانی ہے اسے اپنے ڈیرے میں رکھوں گا۔ ایک اور لیگی کارکن فخر وڑائچ نے دو لاکھ 70ہزار اور 2 لاکھ 15ہزار میں دو کٹیاں خریدیں۔ تلہ گنگ سے آئے سونے کا کاروبار کرنے والے رانا شعیب نے ایک کٹی دو لاکھ 68 ہزار میں خریدی۔ اکلوتا کٹا 3لاکھ 15ہزار میں بکا۔

واضح رہے کہ نیلی راوی نسل کی بھینسوں کا دودھ اپنے منفرد معیار کی وجہ سے مشہور ہے۔ پی ایم ہاﺅس کے ایک اہلکار نے بتایا یہاں پہلے بھی ایک دوبار بھینسوں کی نیلامی ہوئی لیکن اس بار کوئی جانور نہیں بچا۔ نیلامی کے منتظم محمد جاوید نے بتایا نیلامی توقعات سے بڑھ کر کامیاب ہوئی۔

بولی کے دوران زائد قیمت لگانے پر بعض خریدار منتظمین سے الجھ پڑے، منتظمین نے کہا یہ اوپن بولی ہے جس نے بھینسیں لینی ہیں لے ورنہ واپس چلا جائے۔ گاڑیوں اور بھینسوں کے بعد اب وزیراعظم ہاﺅس کے چار ہیلی کاپٹروں کی نیلامی ہونا باقی ہے جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی پرواز کے قابل نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close