اسلام آباد

2 نومبر کو موقع گنوا دیا تو شرمساری کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا، عمران خان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پنڈی میں تو ٹریلر تھا اصل میچ تو 2 نومبر کو ہوگا اور نواز شریف کو بتائیں گے کہ جمہوریت کیا ہوتی ہے اور اگر یہ موقع گنوا دیا تو شرمساری کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر موجود کارکنوں سے ناشتے پر ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکن 2 نومبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری کریں اور اسلام آباد احتجاج سے پہلے پولیس کو پکڑائی نہ دیں، 2 نومبر کو ہمارا سونامی تمام پولیس اہلکاروں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہماری تمام تر توجہ 2 نومبر کے احتجاج پر ہے، پنڈی میں تو ٹریلر تھا اصل فلم 2 نومبر کو چلے گی، 2 نومبر کو نواز شریف کو بتائیں گے کہ جمہوریت کیا ہوتی ہے، اگر 2 نومبر کو موقع گنوا دیا تو شرمساری کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

بعد ازاں عمران خان نے بنی گالہ کے باہر تعینات ایف سی اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ عمران خان کا سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے کہنا تھا کہ آپ لوگ کسی فرد یا گروہ کے نہیں ریاست کے ماتحت ہیں، اللہ نے آپ کو عوام کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نے آپ کے ہاتھ میں قانون اور بندوق ایک ایک فرد کی حفاظت کے لئے دی ہے، غریب قوم اپنا پیٹ کاٹ کے آپ کو تنخواہیں دیتی ہے لہذا قوم کے احسانات کا بدلہ بھلائی سے دیں۔

 عمران خان نے سیکیورٹی اہلکارون سے کہا کہ کسی کے ذاتی مفادات کے بجائے قانون کی پاسداری کو مقدم رکھیں، قانون کو ہاتھ میں نہ لیں بلکہ اس کی عملداری کے لئے پوری محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی خوشنودی کے لئے ہم وطن بھائیوں اور بہنوں کی تکریم میں کمی نہ آنے دیں، ہمارے کارکنان آپ اور آپ کی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لئے اپنا آج قربان کر رہے ہیں۔
Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close