اسلام آباد

پی ٹی آئی والے ہرروز بھیس بدل کر سپریم کورٹ آجاتے ہیں، دانیال عزیز

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والے نجی محفلوں میں مانتے ہیں کہ وزیراعظم کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں اور عدالت میں الزامات سمیت بھیس بدل کر آجاتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وکیل نےعدالت کےدائرہ اختیارپرہرگزبات نہیں کی انہوں نے نااہلی کے کیسز کےحوالے دیئے اورآرٹیکل62،63 کےماضی کے کیسزعدالت کے سامنے رکھے جب کہ عمران خان کی جانب سے پیش کئے گئے ثبوت غیر معیاری تھے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خود سمیت اپنے بچوں کو احتساب کے لئے پیش کیا اور انہوں نے کوئی سہارا نہیں لیا، عمران خان اورجہانگیر ترین نے بھی اپنے آپ کو تلاشی کیلئے پیش کیا تھا اب کیوں بھاگ رہے ہیں اور عدالت سے فرار کی کوشش میں ہیں اب چوہے بلوں کیوں گھس رہے ہیں۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے حواری نجی محفلوں میں یہ مانتے ہیں کہ وزیراعظم کاپاناما میں نام نہیں لیکن سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی والے بھیس بدل کر الزامات سمیت سامنے آجاتے ہیں، عوام کے سامنے ایک چہرہ اورعدالت میں دوسرا چہرہ پیش کیا جاتا ہے، عمران خان کو کرپشن سے کوئی دلچسپی نہیں، عمران خان نے کے پی میں اینٹی کرپشن کے ادارے کو تباہ کردیا ہے، وہ خیبرپختون خوا میں احتساب کمیشن کی بات کیوں نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی بی سی کی اسٹوری میں فلیٹس کی ملکیت کے حوالے سے غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔ بی بی سی کی خبر جھوٹی اور من گھڑت ہے خبر کے حوالے سے جلد فیصلہ کریں گے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے الزام خان پھر بہتان خان بنے، وہ بتائیں کہ لندن اور بنی گالا کی جائیداد کیسے خریدی۔  آپ نے کاؤنٹی کرکٹ سے کتنا پیسہ کما لیا۔ مائزہ حمید کا کہنا تھا کہ عمران خان مریم نواز کے فلاحی کاموں سے خوف زدہ ہیں، ہم ہر چیز اب الیکشن کمیشن میں ثابت کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close