خیبر پختونخواہ

صرف طاقت کا استعمال دہشتگردی نہیں روک سکتا، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہوں یا مشرف سب کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیئے جبکہ جھوٹوں کے عالمی میلے میں تاج عمران خان کے سر سجے گا۔ بنوں میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرے گی لیکن مولانا فضل الرحمن فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کو فاٹا کے عوام سے کیا دشمنی ہے اور وہ ان کے انسانی حقوق کیوں پامال کر رہے ہیں۔؟ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خوشبوؤں کی وادی خون کی وادی میں تبدیل ہو گئی ہے، دہشت گرد ہوں یا مشرف ان کو گرفتار کرکے مقدمہ چلنا چاہیے اور قانون کے مطابق سزا ہونی چاہیے، ملک میں قانون کے مکمل نفاذ سے دہشت گردوں کو سزا مل سکتی ہے، اگر لوگ لاپتہ ہوتے رہے اور ٹارگٹ کلنگ جاری رہی تو دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔ یہ ایک شہید نقیب اللہ محسود کا ہی نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، قانون کی حکمرانی یقینی بنانے والے اداروں کی ضرورت ہے، صرف طاقت کا استعمال دہشت گردی کو نہیں روک سکتا، دہشتگردی کے خلاف ہر گلی میں فوج کھڑی نہیں کر سکتے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عمران خان جب بھی دوسرے صوبوں میں جاتا ہے کہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن ختم کردی، جھوٹ کا عالمی میلہ لگایا جائے گا تو سب سے بڑا تاج عمران خان کو پہنایا جائے گا، عمران نے دی تو صرف گالی اور لیا تو صرف یوٹرن لیا، سپریم کورٹ نے عمران خان کی اے ٹی ایم نااہل کردی ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ انتہاپسندی آمریتوں میں پھیلی ہے، انتہا پسندی ختم ہونے تک دہشتگردی ختم نہیں ہوگی اور انتہاپسندی ختم کرنے کےلیے نصاب تعلیم کو تبدیل کرنا ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close