خیبر پختونخواہ

آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ عدالت کریگی، وفاقی وزیر مذہبی امور

پشاور: وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ عدالت کریگی۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں قانونی طریقے سے ڈالا جائے گا جس کا فیصلہ عدالت کریگی۔

نورالحق قادری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں اس حوالے سے مقدمات زیرسماعت ہیں اور عدالت ازخود کہتی ہے کہ فلاں کو ای سی ایل میں ڈالا جائے جس کی ہم پیروی کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے پر قائم ہیں جس پر من و عن عمل کیا جائے ہوگا تاہم جن شرپسندوں نے نے عوامی املاک کو نقصان پہنچایا تھا ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک بھی فساد کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر متفق ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پر پابندی کا کوئی ارادہ نہیں، جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی لیکن اگر کسی کا بیانیہ پاکستان کے آئین اور قومی اتفاق و اتحاد کے خلاف ہوگا تو ان کے خلاف کارروائی ضرور کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی کسی بھی صورتحال کے تدارک کیلئے موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں، حکومت اور ریاست کا کردار ماں کی طرح ہوتا ہے اور حکومت کی اولین ذمہ داری امن کو بحال کرنا ہے۔

جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل پر بات کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات ہو رہی ہے اور بہت جلد قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل بڑا سانحہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے چین سے ہی وزارت داخلہ کو مولانا سمیع الحق کے قتل کی فوری تحقیقات کی ہدایات جاری کی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کو قتل کرنا بڑی سازش کا حصہ ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close