خیبر پختونخواہ

چارسدہ کی عدالت پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 افراد شہید، متعدد زخمی

چارسدہ: تنگی کی تحصیل کچہری پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوگئے ہیں۔

 چارسدہ کی تحصیل تنگی میں دہشت گردوں نے اس وقت کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی جب عدالتی امور نمٹائے جارہے تھے اور ججز، وکلا اور سائلین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ واقعے کے فوری بعد وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے کارروائی شروع کردی اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنادیئے۔

745105 tangiblast 1487671042 473 640x480

ڈی پی اوچارسدہ سہیل خالد کا کہناہے کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے تحصیل تنگی کی کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑایا، جس کے بعد دیگر دو حملہ آوروں نے فائرنگ اور دستی بم حملے کرنا شروع کردیئے تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

 مشیر اطلاعات مشتاق غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوئے لیکن پولیس کی بہادری نے قیمتی انسانی جانوں کو بچا لیا، اگر پولیس بروقت کارروائی نہ کرتی تو بڑا سانحہ ہو سکتا تھا، ساری دہشت گردی افغانستان سے ہو رہی ہے، نیٹو افواج سے سوال ہے کہ وہ افغانستان میں کیا کر رہی ہیں۔
1 1487676160

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکار دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، انہوں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اس دوران کئی پولیس اہلکار شہید اور زخمی بھی ہوئے لیکن دیگر اہلکار اپنے مورچوں پر کھڑے رہے اور بہادری سے کئی بے گناہوں کی جانیں بچائیں۔ واقعے میں جاں بحق افراد میں ایک وکیل اور عدالت کے سامنے جوتوں کی مرمت کرنے والا بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے چارسدہ دھماکے پر افسوس کا اظہارکرتےہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ میں کامیاب ہوں گے، حکومت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جب کہ قوم کے حوصلے بلند ہیں حملوں سے گھبرانے والے نہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہارہمدردی کی اور حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانی لائق تحسین ہے، اہلکاروں نے قربانی دے کربڑے حادثہ سے بچا لیا۔

  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی چارسدہ میں دہشت گردوں کے حملے کی بروقت جوابی کارروائی نے کئی قیمتی جانیں بچائیں، پولیس اہلکاروں  نے جواں مردی  سے دہشت گردوں کو ان کے ہدف تک پہنچنے سے بچایا جو قابل فخراورلائق تحسین ہے۔
 
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چارسدہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں کی جرات اوربروقت کارروائی سے قوم بڑے المیے سے محفوظ رہی، جس پرپختونخوا پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کوہدایت کی کہ زخمیوں کی مکمل نگہداشت اور بہترین علاج معالجہ یقینی بنایا جائے۔

2 1487676170

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے چارسدہ تنگی کچہری پردہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے چارسدہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں ہمیں بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close