پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ختم نبوت پہ ایمان نہ رکھنے والوں کیلئے فیصلہ سنادیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ختم نبوت پر گستاخی کرنیوالے کو گھر بھجوانے کے بیان پر آج بھی قائم ہوں۔ لاہور میں علماء کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئین پاکستان نے بھی ختم نبوت کے عقیدے کی توثیق کی ہے، عقیدہ ختم نبوت سے متعلق حلف نامہ اصل حالت میں واپس لایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے عقیدے پر غیر متزلزل ایمان تھا، ہے اور رہے گا، (ن) لیگ کی حکومت ختم نبوت عقیدے پر غیر متزلزل ایمان رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس مسئلے پر فوری بیان دیا، میں نے کہا تھا جس نے بھی یہ گستاخی کی ہے، اسے گھر بھجوا دیں اور آج بھی اس پر بیان پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ پر ایمان نہ رکھنے والا اسلام کے دائرے سے خارج ہے، آئین پاکستان نے بھی ختم نبوتؐ کے عقیدے کی توثیق کی ہے، عقیدہ ختم نبوتؐ کے بارے میں حلف نامے کو اصل حالت میں دوبارہ واپس لایا گیا، مقننہ نے اس ضمن میں قانون میں درستگی کر لی ہے، عقیدہ ختم نبوتؐ پر ہر مسلمان کا کامل ایمان ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جید علمائے کرام کے خیالات کو غور سے سنا ہے اور ہم ان کے خیالات کو اہمیت دیتے ہیں، نبی کریم (ص) کا اسوہ حسنہ ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، علمائے کرام کو منبر رسولؐ سے اسوہ حسنہؐ کے پیغام اور تعلیمات کو عام کرنا چاہیئے۔ ملاقات کرنیوالے علماء کے وفد میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ، مولانا غلام محمد سیالوی، پیر اعجاز ہاشمی، مولانا ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پیر سید طاہر سعید کاظمی، مفتی انتخاب احمد، پیر زادہ عثمان، مفتی محمد رمضان سیالوی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی عمران حنفی، مولانا عبدالمصطفیٰ ہزاروی، مولانا محمد علی نقشبندی اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، سید زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اعظم سلمان خان، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close