پنجاب

میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہے، عمران خان

منڈی بہاؤالدین: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 21 سال سے میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہے۔ منڈی بہاؤ الدین میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ سیاستدانوں اور مافیا میں فرق ہوتا ہے، سیاستدان عوام کی خدمت کرتاہے، 21 سال سے میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہے، یہ لوگ پاکستان کے میرجعفراورمیرصادق ہیں۔ یہ قوم کا پیسا لوٹتے ہیں اور لوگوں کو خریدتے ہیں، جو نہیں بکتے انہیں باہر نکال دیتے ہیں، ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا کہ اس نے آصف زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کروایا، پیپلزپارٹی کی قیادت کے کہنے پر اس نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے چشم دید گواہ خالد شہنشاہ کو قتل کیا۔ حکومت عزیر بلوچ کی جےآئی ٹی رپورٹ عوام کے سامنے لائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنا علاج بھی باہر سے کرواتے ہیں پھر یہاں کیا لینے آتے ہیں، شریف مافیا تیس سال سے پنجاب پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے۔ جتنا شریف خاندان نے پاکستان کو لوٹا اتنا کسی نے نہیں لوٹا،  جب آصف زرداری ملک کے صدر تھے تو ہر پاکستانی پر 35 ہزار روپے کا قرض تھا،  لیکن نواز شریف کے دور میں ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا قرض ہوگیا ہے۔ نواز شریف اور اسحاق ڈار کو معلوم ہی نہیں کہ قرضہ لینے سے عوام کا کیا حال ہوتا ہے۔ ہم یہ قرضے واپس کیسے کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان ارب پتی ہے، ان سے پوچھیں کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں، آصف زرداری کے دبئی، فرانس اور لندن میں محل ہیں جب کہ نوازشریف کے تین سوارب روپے باہرپڑے ہیں، میں ملک کا لوٹا ہوا پیسا واپس لے کرآؤں گا،  میں ملکی آمدنی میں اضافہ کرکے دکھاؤں گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close