پنجاب

عمران خان کا نواز شریف کیخلاف بڑا اعلان، شریف برادران کی پریشانی بڑھ گئی

اوکاڑہ: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، ان سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے کبھی زندگی میں کوئی تحریک چلائی ہے؟۔ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے گزشتہ روز کہا ہے کہ وہ پاکستان کی عدلیہ کے خلاف تحریک چلائیں گے، میں نواز شریف سے سوال کرتا ہوں کہ انہوں نے کبھی زندگی میں کوئی تحریک چلائی ہے؟ کیا ن لیگ نے اس وقت تحریک چلائی جب پرویز مشرف نے نواز شریف کو قید کردیا تھا؟ نواز شریف معاہدہ کرکے باہر چلے گئے لیکن تحریک چلائی کسی نے؟

عمران خان نے ن لیگی رہنماؤں پر تنقید کی کہ اس طرح کے لوگ تحریک نہیں چلاسکتے، نواز شریف اپنے اور میرے مقدمے کا موازنہ نہیں کریں، میں کبھی حکومت میں نہیں رہا جب کہ کرپشن حکومت میں رہ کر کی جاتی ہے؟ خیبر پختون خوا میں آکر میری کرپشن پوچھی جائے اگر کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کوئٹہ میں چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے جدوجہد اس لیے کی کہ پاکستان میں اقلیتوں کو بھی انصاف ملے گا۔ ان کا بنایا ہوا پاکستان ہندوستان سے بہت بہتر ہے کیوںکہ سب جانتے ہیں کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ کیا کچھ ہورہا ہے، ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ اقلیتوں کو برابر کا شہری بنائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ن لیگ کی حکومت ہے؟ آپ تحریک کس کے خلاف چلائیں گے؟ آپ تحریک چلائیں سب سے پہلے کسان آپ کی تحریک کا ٹماٹروں کے ساتھ استقبال کریں گے، ن لیگ عدلیہ کے خلاف نکلی تو میں ن لیگ کے خلاف نکلوں گا، اگرنواز شریف سمجھتے ہیں کہ عوام ان کے ساتھ ہے تو الیکشن کیوں نہیں کرالیتے؟

چیئرمین تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف بھی کم نہیں، انہوں نے کوئٹہ جا کر نوٹوں کے عوض ججز کو خریدنے کی کوشش کی، نواز شریف جسٹس قیوم کی طرح کے ججز چاہتے ہیں، اگر آج عدلیہ نواز شریف کو بحال کردے تو ن لیگ آج اسی عدلیہ کی تعریف شروع کردے گی، سوا ارب روپے جو منی لانڈرنگ کے ذریعے تین سال پہلے باہر گئے ہم اس کی وصولی کے لیے بھی جدوجہد کریں گے، حدیبیہ پیپر ملز کیس میں نئی چیزیں سامنے آئی ہیں، مزید شواہد لے کر نیب کے پاس جاؤں گا۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حق میں آنے والا فیصلہ مخالفین کو ہضم نہیں ہورہا، محمود اچکزئی کا فاٹا کو متنازع علاقہ قرار دینا ٹھیک نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close