پنجاب

بروقت الیکشن ہماری خواہش نہیں بلکہ آئینی ضرورت ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بروقت الیکشن ہماری خواہش نہیں بلکہ آئینی ضرورت بھی ہے، تحریک انصاف کسی صورت الیکشن کی تاخیر نہیں چاہتی، میں سمجھتا ہوں الیکشن شیڈول آنے کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ دینی چاہئیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ الیکشن 25 جولائی کو بروقت ہوں گے، پی ٹی آئی نے الیکشن کیلئے تیاری مکمل کرلی ہے، میں پی ٹی آئی کارکنان ووٹرز اور سپورٹرز سے اپیل کرتا ہوں یہ پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین الیکشن ہے، اپنے ذاتی مفادات اور اختلافات سے بالاتر ہو کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو کر نئے پاکستان کی بنیاد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے اور خصوصا ملک بھر کے پاکستانیوں کیلئے اس الیکشن کی کمپئن کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بلے پر مہر لگا کر نہ صرف نیا پاکستان بنے گا بلکہ جنوبی پنجاب علیحدہ صوبے کی شکل اختیار کرے گا۔

انہوں نے کہا ن لیگ کا 10 سالہ اقتدار ختم ہوگیا ہے، اب روشن امکان ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی اور آپ کی جستجو سے تحریک انصاف کی کامیابی ممکن دکھائی دے رہی ہے، اب یہ ہر ووٹرز، سپوٹرز اور کارکن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھا کر نئے پاکستان کی بنیاد میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے، جس سے نہ صرف ملک کی تقدیر بدل سکتی بلکہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے ایک اچھی اور باکردار قیادت کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا سیاہ ترین دور ختم ہو چکا ہے، ناصرالملک نگران وزیراعظم کا حلف اٹھا چکے ہیں، امید ہے کہ نگران حکومت صاف اور شفاف انتخاب کروانے کی اہلیت رکھتی ہے اور میں امید کرتا ہوں نگران حکومت بروقت صاف اور شفاف انتخابات کروا کر ملک کو اچھی قیادت سونپ کر جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close