Featuredپنجاب

مسلح افواج کا دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان

راولپنڈی: تینوں مسلح افواج کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دے رکھا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہےجس میں انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے جبکہ چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ دیامربھاشا اورمہمند ڈیمز کے لیے مسلح افواج کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے۔

آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے جب کہ سپاہی ایک دن کی تنخواہ دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نے بحیثیت ادارہ یہ قدم اٹھایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ کے ساتھ ’ڈیمز پاکستان کیلئے‘ کا بھی نعرہ لگایا۔

ڈیموں کی تعمیر کے لیے عمل درآمد کمیٹی کا سیکریٹریٹ قائم

علاوہ ازیں دیا مربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے اسلام آباد میں عمل درآمد کمیٹی کا سیکریٹریٹ قائم ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین عمل درآمد کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

دیا مربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے عمل درآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا۔ چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے تینوں مسلح افواج کی جانب سے حصہ ڈالنے کے اقدام کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں اسی طرح آگے بڑھتی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close