پنجاب

شہبازشریف کی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزدگی پر آصف زرداری نے کیا کہا ؟رانا ثنا ء اللہ نے اہم انکشاف کردیا

لاہور : مسلم لیگ ن کے ر ہنما رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیاہے کہ خورشید شاہ کے کہنے پر شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار نامزد کیاگیا تھا لیکن بعد میں پیپلز پارٹی کی طرف سے کہاگیا کہ آصف زرداری کہتے ہیں کہ ’’میں شہبازشریف کو ووٹ نہیں دوں گا ‘‘جیونیوز کے پروگرام ’’آج شازیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپیکر کے لئے قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کو جو ووٹ ملے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ حکومتی اتحاد پورا زور لگا کر صرف چار ووٹ آگے ہے اور ان میں چار کے قریب جو بہ چوں چو ں کا مربہ ہے ان میں کوئی تین ووٹ رکھتاہے اورکوئی چار ۔ یہ 25سے 28ووٹ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب عمران خان چار ووٹوں سے وزیر اعظم بن جائیں گے تو آگے جا کر جب بھی ان میں سے کوئی اپوزیشن کی طرف آجائے گا تو حکومت اپوزیشن کی بن جایا کرے گی اور جب ان میں سے کوئی دوسر ی طرف جائے گا تو حکومت دوبارہ تحریک انصاف کی بن جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ابھی ہو سکتا ہے کہ ضمیر انگڑائی اس لئے نہ لے رہاہو کہ کسی کو کسی نہ کسی عہدے کا لالچ ہو لیکن جب ایک ماہ بعد صورتحال واضح ہو جائے گی تو پھر ضمیر انگڑائیاں لینا شروع کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوئی حکومت اتحاد کی طرح نہیں ہوتی ۔ اپوزیشن کے مسائل مختلف ہوتے ہیں ۔کچھ ایشوز پر اپوزیشن متفق ہوتی ہے اور کچھ ایشوز میں اپوزیشن میں شامل جماعتوں کی رائے مختلف ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ کے کہنے پر شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کے امیدوار کیلئے نامزد کیاگیا لیکن بعد میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کہا کہ گیاہے کہ آصف زرداری کہہ رہے ہیں کہ ’’میں شہبازشریف کو ووٹ نہیں دوں گا‘‘ انہوں نے کہا اب پیپلز پارٹی کو اپنے وعدے کی لاج رکھنی چاہئے اور شہبازشریف کو ووٹ دینا چاہئے کیونکہ اب ہم پیپلز پارٹی کے کہنے پر اپنے امیدوار کا نام واپس نہیں لیں گے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم نے آصف زرداری سے وقت مانگا ہے اور ہم وفد کی صورت میں ان سے ملیں گے اور قائل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب جو رعایت چاہتے ہیں ان کو نہیں ملے گئی کیونکہ اپوزیشن کا اتحاد جنتا مضبوط ہوگا وہ ان کے لئے بہتر ہوگا ۔ ہم نے اپوزیشن کرنی ہے اور پارلیمنٹ میں جو لوگ عوامی مینڈیٹ کے بغیر بیٹھے ہیں ہم نے ان سے پارلیمنٹ کوپاک کرناہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close