Featuredپنجاب

(ق) لیگ اتحادی جماعت ہے، گلے شکوے ہیں تو سنیں گے: گورنرپنجاب

فیصل آباد: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اگر ان کے کوئی گلے شکوے ہیں تو اسے ضرور سنا جائے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ چوہدری برادران سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ایک خاندان میں بھی باتیں ہوجاتی ہیں، ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا اور کوئی غلط فہمی نہیں ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ پنجاب میں طاقت کا ایک ہی مرکز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں اور پی ٹی آئی کے تمام اتحادیوں کے تعاون سے سینیٹ کے دونوں امیدوار کامیاب کروائیں گے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ طارق بشیر چیمہ کے حلقہ میں کوئی مداخلت نہیں کی، ان کے حلقے سے ملحقہ حلقے میں نعیم وڑائچ کو پارٹی کا امیدوار بنایا۔ چوہدری سرور نے کہا کہ تبدیلی کے آثار لوگوں کو بہت جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے، وزیراعظم سمیت ہم سب اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کو وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب کی شکایت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات کے دوران طارق بشیر نے جہانگیر ترین کو کہا کہ ’سر مہربانی کریں چوہدری سرور کو کنٹرول کریں، یہ آپ کے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے‘ جس پر چوہدری پرویز الٰہی نے بھی ہاں میں ہاں ملائی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close