پنجاب

لاہوراور راولپنڈی میں ریلی کی وجہ سے قوم کو اربوں کا نقصان ہوا، پرویز رشید

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات وسینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ 3 سیاستدان لوگوں کی زندگی عذاب بنانے پر متفق ہیں جب کہ سیاسی ایڈوانچر کی وجہ سے قوم کو اربوں روپوں کے خسارے کے ساتھ 2 قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ریلی کے باعث راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کو روکنا پڑا کیوں کہ جہاں سے ریلی گزرنا تھی وہ میٹرو کا روٹ تھا جس کی وجہ سے 10 لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور تحریک انصاف کی ریلی کے باعث بھی لاہور کی میٹرو بند رکھنا پڑی جس سے 5 لاکھ روپے کا نقصان ہوا جب کہ ریلی کی وجہ سے لاہور میں کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے آج 4 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی کیمرے اور لائٹس کی مد میں 50 لاکھ روپے لگائے گئے جب کہ لاہور اور راولپنڈی میں ریلی کی وجہ سے پولیس کو بھی تعینات کیا گیا، سیاسی ایڈوانچر اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے عوام کو اربوں روپوں کے خسارے کی وجہ سے 2 قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ یہ احتجاج کسی ایسی جگہ کیا جائے جس سے عوام متاثر نہ ہوں، لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم انہیں قائل نہیں کرسکے اور اگر خان صاحب چاہتے تو وہ مینار پاکستان پر یہ احتجاج کرسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کون سا احتساب چاہتے ہیں کیوں کہ احتساب کی قانون سازی کے لیے عملی قدم اٹھا لیے ہیں، احتساب کے لیے ہم نے تو قومی اسمبلی میں بل پیش کردیا ہے وہ اگر اس سے مطمئن نہیں تو اعتزاز احسن نے ایک مسودہ سینیٹ میں جمع کرادیا ہے، وہ چاہیں تو اسمبلی میں اپنا مسودہ پیش کرسکتے ہیں لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ان میں اتنی سنجیدگی اور اہلیت نہیں تو وہ کوئی تجویز لے کر اسمبلی آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے عمران خان کو اسمبلی کے لیے منتخب کیا جو وہ نہیں کررہے لیکن جس کام کے لیے انہیں منتخب نہیں کیا گیا وہ پچھلے 3 سالوں سے سڑکوں پر کررہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close