سندھ

کراچی میں فیکٹری ملازمین کا بونس نہ ملنے پر احتجاج اور توڑ پھوڑ، 2 گاڑیاں نذر آتش

کراچی: کورنگی میں واقع ایک نجی فیکٹری کے ملازمین نے عید الفطر کے موقع پر بونس نہ ملنے پر 2 گاڑیوں کو نذر آتش جب کہ متعدد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

 کراچی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ویٹا چورنگی کے قریب واقع ایک گارمنٹس فیکٹری کے ملازمین نے سالانہ بونس نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کردی۔ ملازمین نے ناصرف فیکٹری کے اندر توڑ پھوڑ کی بلکہ فیکٹری کے باہر دو گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے علاوہ کئی قیمتی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے شیلنگ ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس کی ہوائی فائرنگ کے باعث بھگڈر مچ گئی جس کی زد میں آکر ایک  خاتون اور ایک بزرگ شخص زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے قریبی اسپتال پہنچایا۔

 مظاہرین کا کہنا تھا کہ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے سالانہ بونس عید سے پہلے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تاحال وعدے کی پاسداری نہیں کی گئی اور آج ملازمین کی جانب سے احتجاج کے بعد کمپنی کے اعلیٰ حکام نے صرف آدھا بونس دینے کا کہا ہے جبکہ دوسری جانب عید کے باعث کل سے بینک بھی بند ہوجائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close