سندھ

فاروق ستار کا ایک بار پھر ایم کیو ایم میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانیکا مطالبہ

حیدرآباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پارٹی کو قبضہ مافیا سے آزاد کرائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارٹی میں دو تہائی اکثریت سے نہیں، بلکہ چند لوگ فیصلے کر رہے ہیں، عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کو ریوڑیوں کی طرح بانٹا گیا، میرٹ کے بجائے دوستوں، رشتہ داروں اور من پسند افراد کو نوازا گیا، پارٹی کو بچانا ہے تو انٹرا پارٹی الیکشن کرانا ہوں گے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی عوام اور کارکنان کا اعتماد کھو چکی ہے، رابطہ کمیٹی کی نام نہاد اکثریت کے رویے سے لگتا ہے کہ آئندہ الیکشن میں انہیں کراچی سے 4 کے بجائے ایک، دو سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم پارٹی کو بچانے اور اس کی بحالی کیلئے نکلے ہیں، پارٹی کو قبضہ مافیا سے آزاد کرائیں گے اور پارٹی کے بیرونی مخالفین کی طرح تنظیم کے اندر قبضہ مافیا اور مفاد پرستوں سے بھی سیاسی لڑائی لڑیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ احتساب کے بغیر پارٹی میں کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو سکتا، میں خود کو کارکنان کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے تیار ہوں، عامر خان اور کنور نوید جمیل بھی خود کو کارکنان کی عدالت میں پیش کریں، عامر خان اور کنور نوید جمیل کارکنوں کے سامنے اپنے گوشوارے پیش کریں اور کارکنان کو بتایا جائے کہ ان کے پاس 1986ء میں کتنی پراپرٹی اور بینک بیلنس تھا اور آج کیا ہے۔ کنور نوید کے دور نظامت میں حیدرآباد کو اربوں روپے ملے تھے، ان کا حساب بھی دیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close