سندھ

کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے ساتویں روز 900 سے زائد دکانیں مسمار

کراچی: شہر قائد میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ساتویں روز صدر کے علاقے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف 900 سے زائد غیر قانونی دکانیں گرا دی گئیں۔ محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف تعمیرات کو گرایا گیا۔

آپریشن کے دوران پرندہ مارکیٹ، کپڑوں کی مارکیٹ، چائے پتی اور خشک میوہ جات کی مارکیٹ بھی گرائی گئی۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 900 سے زائد غیر قانونی دکانیں گرا دی گئی ہیں اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے جس کے بعد ملبہ اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔

سینیئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر احمد صدیقی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایمپریس مارکیٹ کو 15 روز میں اصل شکل میں بحال کردیں گے۔

بشیر صدیقی نے کہا کہ آج 1043 غیر قانونی دکانیں گرائی جائیں گی اور آپریشن کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور پولیس صدر میں جگہ جگہ کیمپ لگائے گی۔

ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کا مزید کہنا تھا کہ صدر میں تجاوزات کو روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو کے ایم سی، اینٹی انکروچمنٹ اور پولیس پر مشتمل ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close