کھیل و ثقافت

انڈر ٹیکر نے جان سینا کے چیلنج پر کوئی جواب کیوں نہیں دیا؟

کیا ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے سالانہ ایونٹ ریسل مینیا 34 میں 16 بار کے چیمپئن جان سینا کا بظاہر ‘ریٹائر’ لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر سے ڈریم میچ ہوگا؟ یہ وہ سوال ہے جو اس وقت ان دونوں ریسلرز کے کروڑوں کے مداحوں کے ذہن میں موجود ہے اور کوئی حتمی جواب موجود نہیں۔

کئی ہفتوں سے جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای کے ہفتہ وار شو را میں آکر انڈر ٹیکر کو چیلنج پر چیلنج کرتے رہے مگر ایک بار بھی لیجنڈ ریسلر نے ہاں یا ناں کا اشارہ نہیں دیا۔

شو میں شریک پرستاروں کے بلند و بالا نعروں کے باوجود ڈیڈمین کی عرفیت سے مشہور انڈرٹیکر نے میچ کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

مگر کیا واقعی اب یہ میچ نہیں ہوگا؟ یا اب بھی اس کا امکان موجود ہے ؟ اس سوال نے کروڑوں مداحوں کو تجسس میں مبتلا کررکھا ہے۔

اور اب اس کی ممکنہ اصل وجہ بھی سامنے آگئی ہے کہ انڈرٹیکر نے آخر جان سینا کے چیلنج پر کوئی جواب کیوں نہیں دیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ریسل مینیا 34 کا کارڈ بہت زیادہ بھرچکا ہے اور ڈبلیو ڈبلیو ای کو لگتا ہے کہ اب اس میچ کو پروموٹ کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ لوگوں کو الجھن میں ڈالے رکھنا ہی درحقیقت کامیابی ہے۔

خیال رہے کہ جان سینا گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل ڈبلیو ڈبلیو ای کے مختلف ایونٹس جیسے رائل رمبل، ایلیمنیشن چیمبر اور فاسٹ لین وغیرہ میں شکست کھاتے رہے اور یہ ان کے کیرئیر میں لگاتار ناکامیوں کا بدترین ریکارڈ ہے۔

اس کے بعد وہ کئی ہفتوں تک انڈرٹیکر کو چیلنج کرتے رہے اور کوئی جواب نہ ملنے پر اب ایک پرستار کی شکل میں شو میں شرکت کا اعلان کرچکے ہیں۔

ریسل مینیا 34 میں یونیورسل چیمپئن شپ، ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ میچ، رونڈا راﺅسی کے ڈیبیو، ڈینیئل برائن کی واپسی سمیت تمام چیمپئن شپ کے میچز ہوں گے اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے خیال میں ایونٹ کے ٹکٹ فروخت کرنے کے لیے جان سینا اور انڈر ٹیکر کے میچ کی تصدیق کی ضرورت نہیں۔

کمپنی لوگوں کو تجسس میں مبتلا رکھنا چاہتی ہے کہ کیا انڈر ٹیکر اس شو میں شرکت کریں گے یا نہیں، یا دونوں ریسلرز ایک دوسرے سے ٹکرائے گئے یا نہیں۔

رپورٹ کے مطابق جان سینا تو ایک پرستار کے طور پر شو میں شریک ہوں گے اور اس بات کے 99 فیصد امکانات ہیں کہ انڈرٹیکر ریسل مینیا میں اس چیلنج کا جواب دیں گے، اب یہ میچ کی شکل اختیار کرتا ہے یا مستقبل کے کسی ایونٹ میں یہ دونوں ٹکرائیں گے، یہ کہنا فی الحال مشکل ہے۔

ماہرین کے خیال میں میچ کی تصدیق نہ کرنے نے درحقیقت اس میچ کی اسٹوری لائن کو زیادہ کامیاب بنادیا ہے اور انڈرٹیکر کی آمد کی صورت میں زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آئے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close